شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے۔
یونس خان 122 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی طرف سے ویلگدارا نے تین، ہیراتھ نے دو اور کلاسیکرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
کمار سنگاکارا 144 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ وہ سعید اجمل کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے چار،عمر گل نے تین، جنید خان نے دو اور عبدالرحمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جمعرات کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر چار رنز کے عوض اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ عمر گل کی گیند پر پراناویتانا یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان دلشان تھے جنہوں نے 92 رنز بنائے۔
پاکستان کو سیریز میں پہلے ہی ایک۔ صفر سے برتری حاصل ہے۔ پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوگیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئین ہیں اور تیسرا ٹیسٹ میچ جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں بہتری لانے کے خواہشمند ہیں۔
سیریز دو،صفر جیتنے کی صورت میں پاکستان عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ جائے گا۔
سری لنکا کے کپتان تلکارتنے دلشان کا کہنا ہے کہ وہ مختلف حکمت عملی کے ساتھ کم بیک کریں گے۔
شارجہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں نو سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں۔ پاکستان اس گراؤنڈ میں چار ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے دو میں اسے کامیابی ملی اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔