تنازعات اور انجریز سے بھرپور مگر سنسنی خیز کرکٹ کریئرکے حامل پاکستان کے سابق کھلاڑی اور دنیائے کرکٹ کے تیز ترین باؤلر شعیب اختر گو کہ کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں مگر اپنی آنے والی خودنوشت سے قبل ایک بار پھر ذرائع ابلاغ کی توجہ کر مرکز بن گئے ہیں۔
سابق کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈراوڈ بھلے ہی منجھے ہوئے بلے باز ہیں لیکن ان دونوں کو ٹیم کو میچ جتوانے والا کھلاڑی نہیں کہا جاسکتا۔
شعیب اختر کی خودنوشت ’’کنٹروورشلی یورز‘‘ جلد منظر عام پر آرہی ہے جس میں انھوں نے اپنے کرکٹ کریئر کے بعض سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
جمعہ کو بھارتی ذرائع ابلاغ پر سابق پاکستانی کھلاڑی کے انٹرویو نشر کیے گئے جنہیں پاکستان میں بھی ذرائع ابلاغ میں بھرپور توجہ حاصل رہی۔ میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق شعیب اختر نے سابق پاکستانی کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کے حوالے سے کہا کہ ’’انھوں نے ان کا کریئر تباہ کرنے کی کوشش کی۔‘‘
شعیب اختر نے اپنی کتاب میں بھارتی فلم سٹار شاہ رخ اور انڈین پریمیئر لیگ کے سابق سربراہ للت موودی پر بھی تنقید کی ہے۔
شعیب اختر نے اپنی خودنوشت میں جن کھلاڑیوں اور کرکٹ کے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بنایا ان کی طرف سے فوری طور پر ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
اگست 1975 ء میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والے شعیب اختر نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 1993۔1994 میں کیا۔ پاکستان کی قومی ٹیم کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ 1997 اور پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 1998 میں کھیلا۔
انھوں نے 46 ٹیسٹ میچوں میں 178 اور 163 ایک روزہ میچوں میں 247 وکٹیں حاصل کیں۔ 2011 میں کرکٹ کے عالمی کپ کے بعد انھوں نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔