سری لنکا نے عالمی کرکٹ کپ کے میچوں کے دوران تماشائیوں پر گراؤنڈ کے اندر موسیقی کے آلات اور بینڈ باجا لے جانے پر پابندی ختم کردی ہے۔
سری لنکا میں کرکٹ کا میچ دیکھنے والے نوجوان ایک مخصوص ماحول بنانے کے لیے اپنے ساتھ موسیقی کے آلات گراؤنڈ میں لے جانے کا شوق رکھتے ہیں ۔
لیکن میچوں میں تماشائیوں کی کم تعداد اور موسیقی کے آلات لے جانے پر پابندی سے سری لنکا میں عالمی کپ کے میچوں میں جوش و خروش کے ماند پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ بظاہر اسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے منگل کو موسیقی کے آلات لے جانے پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
سری لنکن وزیر کھیل کے بقول ”بغیر بینڈ باجوں کے میچ اُس ہوٹل میں جانے کے مترادف ہے جہاں من پسند ڈش نہ ملے ۔“ انھوں نے برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے انسپکٹر جنرل سے بات چیت کے بعد موسیقی اور بینڈ باجے پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سری لنکن کرکٹ حکام نے تماشائیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے عالمی کرکٹ کپ کے بعض میچوں کے لیے پہلے ہی ٹکٹ کی قیمت میں پچاس فیصد تک کمی کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم سری لنکا کے اپنے میچوں کے لیے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ بدھ کو پاکستان اور کینیا کے درمیان ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں وہ بہت کم تماشائیوں کی آمد کی توقع کررہے ہیں۔ جبکہ اتوار کو اسی گراؤنڈ میں کینیڈا اور سری لنکا کا میچ 35 ہزار تماشائیوں نے دیکھاتھا ۔