آگ سے بچاؤ کے نظام کے غیر معیاری ہونے کی اطلاعات کے باوجود ممبئی میں کرکٹ حکام نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ عالمی کپ کا فائنل وینکھڈے سٹیڈیم میں ہی منعقد کیا جائے گا۔
شہر کے آگ بجھانے والے عملے کے سربراہ اُودھے ٹاٹکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کے معائنہ کاروں نے سٹیڈیم میں کئی مسائل کی نشاندہی کی ہے اور دو اپریل کو عالمی کپ کے فائنل میچ کے لیے گراؤنڈ کو متعلقہ انتظامیہ کے حوالے کرنے سے پہلے ان مسائل کو دور کرنا ہوگا۔
لیکن ممبئی کرکٹ ایسوسیشن کے جوائنٹ سیکریٹری لال چند راجپوت نے کہا ہے کہ آگ بجھانے والی ٹیم نے سٹیڈیم کا معائنہ کرنے کے بعد کچھ سفارشات دی ہیں جن پرپوری طرح سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ ”ہمیں ہرگز یہ خدشہ نہیں ہے کہ اس گراؤنڈ کو عالمی کپ کے میچوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔“
کولکتہ کے ایڈن گارڈن کو بھی حفاظتی انتظامات کے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گروپ بی میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 27 فروری کو کھیلا جانے والا میچ بنگلور منتقل کردیا تھا۔