اسٹیٹ آف دی یونین سے غیر حاضرگمنام وزیر پرکس بھاری ذمہ داری کا بوجھ ہوتا ہے؟

فائل فوٹو

  • ڈیگزینیٹڈ سروائیور کی تعیناتی سرد جنگ کے زمانے میں شروع ہوئی۔
  • ڈیگزینیٹڈ سروائیور صدر کے سالانہ خطاب کے دوران کمانڈ سینڑ میں موجود رہتا ہے۔
  • نامزد زندہ بچ جانے والا ہنگامی حالات میں جوہری حملے کا حکم دینے کا اہل ہوتا ہے

صدر بائیڈن رات کے تقریباً 9 بجے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے لیے جب کیپیٹل ہل میں داخل ہوں گے تو نائب صدر کاملا ہیرس اور کابینہ کے ارکان ان کے ہمراہ ہوں گے، مگر کابینہ کا کوئی ایک رکن ان کے ساتھ نہیں ہو گا۔ یہ شخص " ڈیزگنیٹڈ سروائیور" یا دوسرے لفظوں میں ایک ایسا اہم عہدے دار ہوتا ہے جسے زندہ رہنے کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔

صدر کے خطاب کے دوران وہ شخص کہیں دور ایک نامعلوم محفوظ مقام پر موجود رہتا ہے اور کسی ناگہانی صورت حال کی وجہ سے جب حکومت کے دیگر عہدے دار زندہ نہ رہیں تو وہ قیادت سنبھال کر حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم فیصلے کرتا ہے۔

زندہ بچ جانے والے کی نامزدگی سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے علاوہ ان موقعوں کے لیے بھی ہوتی ہے جب کسی وجہ سے صدر اور نائب صدر سمیت کابینہ کے تمام ارکان ایک جگہ اکھٹے ہوتے ہیں۔

گزشتہ سال یہ اہم ذمہ دار وزیر محنت مارٹی واش کو سونپی گئی تھی۔

صدر بائیڈن اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کر رہے ہیں۔ 7 فروری 2023

’نامزد بچ جانے والا‘ ہنگامی حالات میں جوہری حملے کا حکم دینے کا اہل ہوتا ہے

’ڈیزگنیٹڈ سروائیور‘ کی ذمہ داریاں بہت اہم اور حساس ہوتی ہیں، لیکن جو شخصیات یہ کردار نبھا چکی ہیں، ان میں سے اکثر کا کہنا ہے کہ ان کے لیے اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس ایک بہت آرام دہ شام ہوتی ہے۔

سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے 2006 کے سالانہ خطاب کے موقع پر کابینہ کے رکن جم نکلسن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انہوں نے ٹی وی چینل این بی سی نیوز کو اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صدر کے سالانہ خطاب کے موقع پر انہیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمانڈ سینٹر میں پہنچایا گیا، جہاں پرلطف ڈنر سے ان کی تواضح کی گئی۔

مگر یہ شان بان ایک ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ کی نہیں ہوتی۔ 1998 کے سالانہ خطاب کے موقع پر ڈیزگنیٹڈ سروائیور کے فرائض انجام دینے والے اس وقت کے وزیر تجارت بل ڈیلی کہتے ہیں جب کمانڈ سینٹر میں سیکریٹ ایجنٹوں کو یہ اطلاع ملی کہ صدر خطاب کے بعد وائٹ ہاؤس واپس چلے گئے ہیں تو سیکریٹ ایجنٹ انہیں چھوڑ کر اپنی اپنی کاروں میں رخصت ہو گئے اور انہیں گھر واپس جانے کے لیے ٹیکسی بلانی پڑی۔

سن 1997 میں اس وقت کے وزیر زراعت ڈین گلک مین نے ڈیزگنیٹڈ سروائیور کی ذمہ داری نبھائی تھی۔ ان کے نزدیک یہ آسان کام نہیں ہے۔

انہوں نے 2017 میں پولیٹکو میں اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا کہ جب میں یہ ذمہ داری نبھانے کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوا تو میرے ساتھ سیکرٹ ایجنٹس اور ایک فوجی افسر بھی تھا۔ اس کے پاس 45 پاؤنڈ کا ایک جوہری فٹ بال اور سیاہ چمڑے میں لپٹا ہوا ایلومینیم کا ایک بریف کیس تھا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ ایٹمی بٹن ہے جسے صدر ہنگامی حالات میں جوہری حملے کا حکم دینے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے کوڈ اور مختلف اہداف تھے۔

کوڈ داخل کرنے سے سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں پینٹاگان میں حکم چلا جاتا ہے اور پھر منٹوں کے اندر میزائل اپنے بدف کی جانب روانہ ہو جاتا ہے۔ گلک مین لکھتے ہیں کہ کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کہ آیا مجھ میں یہ حکم دینے کی ہمت ہو سکتی تھی؟

Your browser doesn’t support HTML5

اسٹیٹ آف دی یونین: ڈیزگنیٹڈ سروائیور کیا ہوتا ہے؟

امریکہ میں سالانہ صدارتی خطاب کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ پہلا اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس 8 جنوری 1790 میں جارج واشنگٹن نے کیا تھا۔ یہ امریکی تاریخ کا سب سے مختصر خطاب تھا جو صرف 833 الفاظ پر مشتمل تھا۔ جب کہ سب سے طویل سالانہ صدارتی خطاب 1946 میں اس وقت کے صدر ہیری ٹرومین نے کیا تھا۔

مگر ڈیزگنیٹڈ سروائیور تعینات کیے جانے کا سلسلہ صدیوں بعد شروع ہوا۔ سینیٹ ہسٹوریکل آفس کے ریکارڈ کے مطابق یہ سلسلہ 1960 کے عشرے کے اوائل، یا ممکنہ طور پر اس سے بھی پہلے شروع ہوا۔ یہ سرد جنگ کا زمانہ تھا اور یہ خطرہ موجود تھا کہ روس کسی ایسے مقام کو، جہاں ساری قیادت اکھٹی ہو، ہدف بنا کر ملک کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے پہلی بار 1981 میں یہ بتایا گیا کہ وزیر تعلیم ٹیرل بیل کو ڈیزگنیٹڈ سروائیور تعینات کیا گیا تھا۔ مگر یہ اعلان بھی صدر رونلڈ ریگین کے کانگریس کے مشترکہ اجلاس کے خطاب کے بہت عرصے بعد کیا گیا۔

1984 تک یہ روایت رہی کہ ڈیزگنیٹڈ سروائیور کے نام کا اعلان نہیں کیا جاتا تھا۔ لیکن اس کے بعد اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے موقع پر یہ کہا جانے لگا ہے کہ کابینہ کا فلاں رکن یہاں موجود نہیں ہے لیکن وہ غیر حاضر بھی نہیں ہے۔ تاہم اس کے لیے ڈیز گینیٹڈ سروائیور کی اصطلاح کا استعمال نہیں کیا جاتا۔

حالیہ برسوں میں 2021 ایک ایسا سال تھا جس میں اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے موقع پر ڈیزگنیٹڈ سروائیور تعینات نہیں کیا گیا کیونکہ کوویڈ۔19 کی وبا کی وجہ سے کابینہ کے ارکان نے یہ خطاب اپنے گھروں پر دیکھاتھا۔

ویب سائٹ ہسٹری کے مطابق 1984 سے 2020 کے دوران اس رول کے لیے زیادہ تر وزیر داخلہ کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم اس انتخاب کے لیے دو بنیادی چیزوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اول یہ کہ اس کی عمر 35 سال سے کم نہ ہو اور دوسرا یہ کہ اس کی پیدائش امریکہ میں ہوئی ہو۔

2001 میں دہشت گرد گروپ القاعدہ کی جانب میں امریکہ پر 11 ستمبر کے حملے کے بعد سے ڈیزگنیٹڈ سروائیور کے رول کو زیادہ اہم سمجھا جانے لگا ہے۔

یوڈ گوگن ہائیم، بائیں سے، مارک گورڈن، کیفر سدرلینڈ، نتاشا میک ایلہون، سائمن کنبرگ اور جون ہارمون فیلڈمینجمعرات، 4 اگست، 2016 کو ڈزنی/اے بی سی ٹیلی ویژن کریٹکس ایسوسی ایشن کےy "نامزد سروائیور" پینل میں حصہ لے رہے ہیں۔ بذریعہ اے پی)

ڈیزگنیٹڈ سروائیور کا کردار کئی ٹیلی وژن ڈراموں کا بھی موضوع بن چکا ہے جن میں کچھ نیٹ فلکس کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔ لیکن حقیقی ڈیزگنیٹڈ سروائیور کا کہنا ہے کہ ان ڈراموں میں بہت زیادہ مبالغہ ہے۔ حقیقت میں ایسا ہوتا نہیں ہے۔