دل کی سرجری: ڈِک چینی صحت یاب ہورہے ہیں

سابق امریکی نائب صدر

امریکہ کے سابق نائب صدر ڈِک چینی نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے اُن کے دل میں پمپ نصب کیا گیاہے، تاکہ اُن کے قلب کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے۔

بدھ کے روز ایک بیان میں چینی نے کہا کہ دل کی حرکت میں کمی محسوس ہونے کے باعث اُنھوں نے اِس آلے کو نصب کروانے کا فیصلہ کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ معالجوں سے صلاح ومشورے کے بعد اُنھوں نے جراحی کا عمل کرایا۔

امریکن ہارٹ ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ چھوٹا سا پمپ، جسے ‘لیفٹ وینٹریکیولر اسسٹ ڈوائیس ’ کہا جاتا ہے، مؤثر کارکردگی نہ دکھانے والے دل میں خون کی گردش قائم رکھنے کی صلاحیت بڑھادیتا ہے۔

سابق نائب صدر کو عارضہٴ قلب کی پرانی شکایت ہے۔ اُنھیں اِس سے پیشتر اِسی سال پانچویں بار دل کا دورہ پڑ چکا ہے۔

اُنھوں نے جارج ڈبلیو بش کی ری پبلیکن انتظامیہ کے دور میں 2001ء سے 2009ء تک نائب صدر کے فرائض انجام دیے ۔