روپے کی قدر میں بہتری، ڈالر چھ روپے 63 پیسے سستا

فائل فوٹو

انٹربینک میں امریکی ڈالر 285 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد جمعے کو کم ہوگیا ہے۔

جمعے کو کاروبار کے آغاز سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی اورانٹربینک میں مارکیٹ کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر چھ روپے 63 پیسے کم ہوکر 278 روپے 46 پیسے کا ہوگیا۔

اس سے قبل جمعرات کو انٹربینک میں روپے کی قدر میں18 روپے 98 پیسے کی کمی ہوئی تھی جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 285 روپے نو پیسے کا ہوگیا تھا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی سخت شرائط کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں بھونچال ہے اور روپے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔

پاکستان کے مرکزی بینک نے جمعرات کو نئی مانیٹری پالیسی جاری کرتے ہوئے شرح سود میں تین فی صد اضافہ کر دیا تھا۔

مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کا تعین ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں مہنگائی کی شرح 48 سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔