براعظم جنوبی امریکہ کے ملکوں گوئٹے مالا اور میکسکو میں آنے والے طاقت ور زلزلے کے نتیجے میں ایک نومولود سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق 9ء6 شدت کے زلزلے کا مرکز گوئٹے مالا کی سرحد کے نزدیک میکسیکو کے پورٹو مدیرو نامی علاقے کے نزدیک تھا۔
پیر کی صبح آنے والے اس زلزلے نے گوئٹے مالا اور میکسیکو کے جنوبی علاقوں کو متاثر کیا ہے جہاں اس کے باعث سیکڑوں گھر، اسپتال اور گرجا گھروں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں حکام کا کہنا ہے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے جب کہ کئی علاقوں کو بجلی کی ترسیل میں خلل پڑا ہے۔
امدادی اہلکاروں کے مطابق کم از کم دو افراد کی ہلاکت گوئٹے مالا کے قصبے پاٹی میں گھروں کے منہدم ہونے کے باعث ہوئی ہے جب کہ ایک اور شخص سرحدی علاقے سان مارکوس میں ہلاک ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نومبر 2012ء میں بھی میکسیکو اور گوئٹے مالا کے سرحدی علاقے میں 4ء7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔