مصر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے ایک گروپ نے حکمران فوجی کونسل پر الزام لگایا ہے کہ وہ جمہوریت نواز تنظیموں کے دفاتر پر چھاپوں کے ذریعے ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہیں۔
مصر کی سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کو فوجی حکمرانوں کی تفتیشی کارروائیوں کے ایک حصے کے طورپرانسانی حقوق کی تنظیموں کے 17 دفاتر پر چھاپے مارے۔
جمعے کے روز مصر میں شہری حقوق کی 28 تنظیموں کے دستخطوں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چھاپے حکومت کی اس بڑی مہم کا حصہ ہیں جن کا مقصد عبوری فوجی حکمرانوں پر تنقید کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے چھاپوں کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے کہا کہ ایسا کارروائیاں تو سابق صدر حسنی مبارک کے سخت گیر دور حکومت میں بھی نہیں کی گئیں ۔
امریکہ کے محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہاہے کہ امریکہ کو اس پولیس ایکشن پر سخت تحفظات ہیں اور یہ کارروائیاں امریکہ اور مصر کے درمیان دیرینہ تعاون سے مطابقت نہیں رکھتیں۔