غزہ کے ساتھ واقع مصر کے قصبے رفاع میں ہفتے کے روز ایک گرجا گھر میں ایک دھماکہ ہوا، بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کی وجہ گرجاگھر پر ہونے والا حملہ تھا۔
خبروں میں عینی شاہدوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے عمارت سے دھواں بلند ہوتے وقت وہاں کئی مسلح افرادکو دیکھا تھا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مصر شدید سیاسی بے چینی کی لپیٹ میں ہے۔ مظاہرین تقریباً دوہفتوں سے طویل عرصے سے اقتدار میں موجود صدر حسنی مبارک کے برطرفی کے لیے مظاہرے کررہے ہیں۔
حالیہ عرصے میں مصری مسلمانوں اور ملک کی سب سے بڑی عیسائی اقلیت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
مصر کے شمالی شہر اسکندریہ میں اس سال ، سال نو کی دعائیہ تقریب کے موقع پر کوپٹک چرچ میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
مصری حکام نے اس حملے کا الزام فلسطینی عسکریت پسند گروپ پر لگایا تھا۔ جب کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے اس گروپ نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔