مصر میں پیر کے روز لوگوں نے سہ روزہ انتخابات میں ووٹ ڈالے، جس میں موجودہ صدر عبدالفتح السیسی کے دوبارہ کامیاب ہونے کا قوی امکان ہے۔ صدر کے حامیوں نے خوشی کا اظہار کیا، کچھ مخالفین نے شکایت کی، جب کہ لگتا ہے کہ کچھ ایسے بھی ہیں جو نتائج سے کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔
ایسے میں جب ملک کے دارالحکومت اور مصر کے 14 صوبوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا آغاز ہوا، قاہرہ کے ’تحریر چوک‘ پر صدر کے حامیوں نے ریلی نکالی۔
کلیدی سرکاری عمارات اور تنصیبات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں پولیس اور افواج سے تعلق رکھنے والے محافظ تعینات ہیں۔ دارالحکومت کے کچھ حصوں پر بَری فوج کے ہیلی کاپٹر پہرہ دے رہے ہیں۔
ادھیڑ عمر کے ایک ووٹر نے غزا کے صوبے میں دُکی کے مقام پر واقع ایک سکول میں پلاسٹک کے بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے کے بعد پولنگ کارکنان کے سامنے نہ مٹنے والی سیاہی میں انگلی ڈبوئی۔
باقی مقامات پر مصر کے ٹیلی ویژن نے خوشی سے نہ سماتے صدر سیسی کو ووٹنگ سے وابستہ کارکنان کے ساتھ ہاتھ ملاتے دکھایا، ایسے میں جب اُنھوں نے ہیلیوپولس کے قاہرہ ضلعے میں اپنا ووٹ ڈالا۔