سندھ حکومت کی درخواست پر جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقعے پر کراچی سمیت تین شہروں میں موبائل فون سگنلز بند رہیں گے۔
سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے ان شہروں میں موبائل فون سگنلز بند کرنے کی درخواست کی تھی۔
صوبائی سیکریٹری داخلہ، قاضی شاہد پرویز کا کہنا ہے کہ موبائل فون بندش کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان شہروں میں موبائل فون کی سروس صبح 8 سے رات آٹھ بجے تک بند رہے گی۔
وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔
نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت ملک بھر میں انتہائی جوش و عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ 12 ربیع الاول بروز جمعہ کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت اقدمات کئے گئے ہیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے تین اہم شہروں میں موبائل فون کے بندش بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔
حکام کے مطابق، صوبے بھر میں 47215 سے زائد پولیس افسران و جوان 12 ربیع الاول پر سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ صوبائی دارالحکومت کراچی میں 23338 پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کی خدمات بجا لائیں گے۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 4860 سے زائد پولیس افسراں و جوان خدمات انجام دیں گے۔ مرکزی جلوس جامع میمن مسجد سے نشتر پارک تک نکالا جائے گا، جس کے بعد مرکزی جلسہ گاہ نشترپارک میں علمائے کرام خطاب بھی کریں گے۔
شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 6145، سکھر میں 5186، لاڑکانہ 5884، حیدرآباد میں 4488 جبکہ میرپورخاص میں 2177 اہلکار تعینات ہونگے۔
واضح رہے کہ 2006 میں عید میلادالنبی کے موقع پر ہی نشتر پارک میں بم دھماکے میں 55 افردا ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ بارہ سال گزر جانے کے باوجود بھی کیس انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت ہے جس میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔