یونان میں قومی انتخابات

رائے عامہ کے جاری کیے گئے جائزے کے مطابق سابق وزیراعظم الیکسس سیپراس کی جماعت سیریزا اور نیو ڈیموکریسی کے کلی طور پر فاتح ہونے کی توقع نہیں ہے۔

یونان میں اتوار کو آٹھ ماہ کے دوران تیسری بار انتخابات ہو رہے ہیں اور اس عرصے کے دوران ملک ریفرینڈم اور بینکوں کی بندش کا سامنا کر چکا ہے۔

یونان کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور انتخابات کے نتیجے میں کامیاب ہونے والی جماعت کو 98 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکج کے حصول کے لیے سخت اقتصادی اصلاحات نافذ کرنا ہوں گی۔

سابق حکمران جماعت سیریزا پارٹی اور نیو ڈیموکریسی پارٹی کے ساتھ ساتھ دیگر چھوٹی جماعتوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ یہ بیل آوٹ پیکج حاصل کرنے کے لیے اپنے اپنے انداز میں ٹیکسوں میں اضافے سمیت دیگر اصلاحات کریں گی تاکہ یونان کو اس بحران سے نکالا جا سکے۔

جمعہ کو رائے عامہ کے جاری کیے گئے جائزے کے مطابق سابق وزیراعظم الیکسس سیپراس کی جماعت سیریزا اور نیو ڈیموکریسی کے کلی طور پر فاتح ہونے کی توقع نہیں ہے۔

انتخابات میں پولنگ کا عمل 12 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

یونان کو اپنی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے جہاں سخت اصلاحات کرنا پڑ رہی ہیں وہیں اس کے لیے ایک اور مسئلہ بھی سر اٹھائے کھڑا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں ہزاروں کی تعداد میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے تارکین وطن اور پناہ گزین یورپ کا رخ کر رہے ہیں جن کی ایک قابل ذکر تعداد کا پہلا پڑاؤ یونان کے جزائر ہی ہیں۔