مری میں ٹریفک حادثہ، 11 مسافر ہلاک

فائل

اتوار کو سالگراں کے مقام پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں مسافروں سے بھری بس گہری کھائی میں جاگری
پاکستان کے سیاحتی مرکز مری میں ہونےو الے ایک ٹریفک حادثے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق اتوار کو پیش آنے والے واقعے میں سالگراں کے مقام پر مسافروں سے بھری بس گہری کھائی میں جاگری جس میں سوار 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

خطرناک ٹریفک حادثے کے بعد ریسکیو اداروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کیں اور لاشوں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کے
مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ 14 مسافر زخمی ہوئے ہیں جنھیں پمز اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق سالگراں پر پش آنےوالے حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جس کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اس سے قبل بھی سالگراں کے ہی مقام پر مسافر بس کو حادثہ پیش آچکا ہے جس میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

پاکستان میں آئے روز تیز رفتاری اور ناقص ڈرائیونگ کے باعث پیش آنے والے ایسے حادثات میں کئی افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔