بالی ووڈ فلموں کی کامیابی کا نیا پیمانہ ایجاد

یہ پیمانہ حالیہ برسوں میں ’ایجاد‘ ہوا ہے۔ لیکن، اس پیمانے پر اترنے والی فلموں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے
کراچی ۔۔۔ بالی وڈ میں آج کل کسی بھی فلم کی کامیابی کا پیمانہ ’سو کروڑ کا ہندسہ‘ بن گیا ہے۔ جس فلم نے سو کروڑ روپے کا بزنس کیا وہ ہٹ، سپر ہٹ اور میگا ہٹ بن گئی ۔ یہ پیمانہ حالیہ برسوں میں ’ایجاد‘ ہوا ہے۔ لیکن، اس پیمانے پر اترنے والی فلموں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

بالی ووڈ کی پہلی فلم جس نے سب سے پہلے 100 کروڑ یعنی ایک ارب روپے کا بزنس کیا وہ گجنی۔ تھی جبکہ ’چنائی ایکسپریس‘ حالیہ فلم ہے جس نے اب تک کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

مختصراً، کہیں تو اب 100کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی فلموں کا ایک ’ایلیٹ کلب‘ بن گیا ہے۔ اس کلب میں اور کون کون سی فلمیں شامل ہیں اور اب تک انہوں نے کتنی کتنی رقمیں کمائیں، اس بات کا جائزہ لیا ہے بھارتی میگزین ’انڈیا ٹو ڈے‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں ۔

چنائی ایکسپریس
شاہ رخ خان اور دپیکا پڈکون کی ’چنائی ایکسپریس‘ ہندی سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔’ایلیٹ کلب‘ میں ٹاپ پوزیشن پرموجود اس فلم نے اب تک دو سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے، جبکہ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے اور کوئی اندازا نہیں کہ یہ کب تک جاری رہے گا۔

تھری ایڈیٹس
عامر خان کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ 2009سے رواں ماہ یعنی اگست 2013ء تک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم رہی۔اس نے پہلی مرتبہ انڈین باکس آفس پر200 کروڑ کما کرنیا ریکارڈ بنایا۔ ’تھری ایڈیٹس‘ کو سو کروڑکے ایلیٹ کلب کا ممبر بننے میں 9 دن لگے تھے۔

ایک تھا ٹائیگر
سو کروڑ کلب کی ایک اور فلم۔۔۔جس کے ٹائیگر تھے سلمان خان۔ 198کروڑ کا بزنس کرنے والی ’ایک تھا ٹائیگر‘ نے باکس آفس پر کمائی کی سنچری کرنے میں صرف 5 دن لئے۔

یہ جوانی ہے دیوانی
رنبیرکپور، دپیکا پڈکون، ادیتہ رائے اور کالکی کوچلین کی یہ فلم سال 2013کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم رہی جس کا ریکارڈ اگست میں ریلیز ہونے والی ’چنائی ایکسپریس‘ نے توڑا۔ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے باکس آفس کلیکشن 188کروڑ سے زیادہ رہے۔ فلم سوکروڑ کلب کی ممبر سات دن میں بنی۔

دبنگ ٹو
سلمان خان کی میگا ہٹ ’دبنگ‘ کا سیکوئل ’دبنگ2 ‘بھی باکس آفس پر سلمان کے لئے خوشی کی خبرثابت ہوا۔ یہ سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی وڈ کی پانچویں فلم تھی جس نے155کروڑ روپے کمائے۔” دبنگ 2“چھ دن میں سوکروڑ کلب کی ممبر بنی تھی۔

باڈی گارڈ
فلم ” باڈی گارڈ“ایک ہفتے میں سوکروڑکلب تک پہنچی۔ مجموعی طور پر اس فلم نے 148 کروڑ کا بزنس کیا۔

دبنگ
دبنگ میں پولیس انسپکٹر چلبل پانڈے کا کردار سلمان خان نے کچھ اس خوبی سے نبھایا کہ اب وہ چلبل پانڈے ہی کہلائے جاتے ہیں۔ سال 2010ء میں ریلیز ہونے والی ”دبنگ“ نے ایلیٹ کلب میں شامل ہونے کے لئے 10دن کا وقت لیا۔اس نے 138کروڑ کا بزنس کیا۔

راوٴڈی راٹھور
اکشے کمار اور سوناکشی سنہا کی فلم راوڈی راٹھور نے گیارہ دن میں سوکروڑ کمائے۔فلم کا بھارتی باکس آفس پرکل بزنس رہا 133کروڑ روپے کا۔

جب تک ہے جاں
یش چوپڑہ کے مخصوص انداز میں بنائی گئی رومینٹک فلم ”جب تک ہے جاں“نے 11 دنوں میں سوکروڑ کمائے۔ فلم کا ”ڈومیسٹک مارکیٹ“ میں کل بزنس تھا 132کروڑ روپے ۔

ریڈی
سن2008ء میں بنی تیلگو فلم کا ہندی میں ری میک بنا 2011ء میں ”ریڈی“ کے نام سے۔ سلمان خان اور آسن کی اس فلم نے 14 دنوں میں سوکروڑ کا بزنس کیا اور مجموعی طور پر119کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی۔

اگنی پتھ
امیتابھ بچن کی فلم اگنی پتھ کا 2012ء میں اسی نام سے ری میک بنایا گیا جس نے گیارہ دن میں سوکروڑ کمائے۔ رہیتک روشن اور پریانکا چوپڑہ کی اسٹار کاسٹ سے سجی فلم کا بزنس 115کروڑ رہا۔

را ون
ایک سو پچیس کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی شاہ رخ خان کی فلم را ون نے دوہفتے میں سوکروڑ کمائے اور فلم کی مجموعی کمائی رہی 114 کروڑ ۔

گجنی۔۔
عامر خان کی فلم” گجنی “وہ پہلی فل تھی جس سے سوکروڑ کلب کی شروعات ہوئی۔ فلم نے اٹھارہ دن میں سوکروڑ روپے کا بزنس کیا جبکہ مجموعی کمائی 114کروڑ سے کچھ زیادہ تھی۔

برفی
آسکر کے لئے نامزدگی پانے والی رنبیرکپوراورپریانکا چوپڑہ کی فلم ”برفی“ نے 112 کروڑ کا بزنس کیا۔ سوکروڑکے کلب میں شامل ہونے میں اسے 17 دن لگے۔

بھاگ ملکھا بھاگ
ایتھیلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی پر بننے والی فرحان اختر کی فلم ”بھاگ ملکھا بھاگ“ بھی سوکروڑ کلب کی ممبر بنی ریلیز کے چار ہفتے گزرنے کے بعد۔ فلم کا بزنس ایک سو آٹھ روپے سے زیادہ تھا۔

ڈان ٹو
شاہ رخ خان کی ”ڈان ٹو“ کے اندرون بھارت کلیکشن 106 کروڑسے کچھ زیادہ تھے۔سولہ دن میں فلم سوکروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی۔

گول مال تھری
ڈائریکٹر روہت شیٹھی کی بنائی گئی رومینٹک فلم ”گول مال تھری“ سوکروڑ کلب میں داخل ہونے والی تیسری فلم تھی۔ فلم سترہ دن میں سوکروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی۔

ہاوس فل ٹو
ہاوس فل ٹو نے سوکروڑ کلب تک پہنچنے کا سفر سترہ دن میں طے کیا۔ فلم کے مجموعی کلیکشن ایک سو چھ کروڑ سے کچھ اوپر رہے۔

سن آف سردار
سنجے دت، اجے دیوگن اور سوناکشی سنہا کی کاسٹ پر مشتمل” سن آف سردار“ نے سترہ دن میں سوکروڑ کا کلب جوائن کیا۔ فلم کا بزنس ایک سو پانچ کروڑ کا رہا۔

بول بچن
اجے دیوگن اور ابھیشیک بچن کی کامیڈی فلم ”بول بچن“ بھی سوکروڑ کلب میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔ فلم کا مجموعی بزنس ایک سو دو کروڑ روپے کا تھا۔

ریس ٹو
ریس ٹو جان ابراہم کی پہلی فلم تھی جو سوکروڑ کلب کی ممبر بنی۔ فلم نے سوکروڑ کا فیگر حاصل کرنے کے میں تریسٹھ دن لئے۔

سنگھم
اجے دیوگن کی ایک اور فلم جس نے سو کروڑ کلب میں شمولیت لی وہ تھی ”سنگھم“۔ سنگھم نے پچاس دن میں سو کا سنگ میل عبورکیا۔