فلم ’ہیری پوٹر‘ کی جادوئی دنیا سے نام کمانے والی ایما واٹسن حقیقی دنیا میں نوجوانوں کے لئے سب سے زیادہ پراثر شخصیت بن گئی ہیں۔
نوجوانوں کو متاثر کرنے والی شخصیات میں انہوں نے شیرل، بیونسے ،زین ملک ، آریانا گرینڈی اور شوبز کے دیگر کئی نامور ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ اعزاز انہیں ’یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام نیشنل سیٹزن سروسز‘ کے تحت آئی سی ایم کی جانب سے ہونے والے سروے کے بعد دیا گیا۔
سروے میں ایک ہزار نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔
ویب سائٹ ’میٹرو‘ کا کہنا ہے کہ سروے میں شامل نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے 43 ایکٹرز، میوزیشنز، فٹنیس کی دنیا سے وابستہ مشہور شخصیات، یوٹیوب اسٹارز اور رئیلٹی اسٹارز میں سے ایما واٹسن کو سب سے زیادہ بااثر شخصیت کے طور پر منتخب کیا۔
نوجوانوں کی اکثریت نے خواتین کے حقوق کے حق میں ایما واٹسن کے خیالات کو ان کے نوجوانوں میں مقبول اور بااثر ہونے کی بڑی وجہ قراردیا۔
سروے میں شامل ایک نوجوان نے کہا کہ ایما واٹسن نے ’ہیر ی پوٹر‘ سے ملنے والی شہرت اور ہمت کو بہت سے اہم مسائل پر بولنے خصوصاً خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیا۔
ایک اور نوجوان کا کہنا تھا ’’ ایما خواتین کے حقوق کے لئے بہت سرگرم ہیں۔ امتیازی سلوک اور نسلی امتیاز کے خلاف آواز اٹھاتی ہیں اور اسی لئے مجھے پسند ہیں اسی وجہ سے میں ان سے متاثر بھی ہوں۔‘‘
سروے سے یہ انکشاف بھی ہوا کہ نوجوان لڑکیوں میں ’فیمنسٹ‘ یا ’حقوق نسواں‘ کا رجحان سب سے زیادہ مقبول ہے۔ حقوق نسواں کی حامی نوجوان لڑکیوں کی تعداد 29 فیصد ہے۔