انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 319 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
انگلینڈ نے نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے دوسر ے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز میچ جیتنے کے لیے بھارت کو 478 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم بھارت کی پوری ٹیم 158 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
ٹم بریسنن نے میچ کی دوسری اننگز میں 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 48 رنز دے کر 5 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پیر کو 441 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر میزبان ٹیم نے جب چوتھے روز دوبارہ بیٹنگ شروع کی تو انگلینڈ کے تمام کھلاڑی 544 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے اور مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 478 رنز کا ٹارگٹ ملا۔لیکن بھارتی ٹیم کو ابتدائی اوورز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے اِن فارم بلے باز راہول ڈراویڈ، لکشمن اور یووراج بالترتیب 6، 4 اور 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے تک 68 کے مجموعی ا سکور پر چھ اہم بھارتی بلے باز آؤٹ ہوچکے تھے۔ تاہم اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر اور ہربھجن سنگھ نے بالترتیب 56 اور 46 رنز بناکر بھارتی اسکور کو سہارا فراہم کیا تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک انگلش بالرز کے سامنے ٹہر نہ رہ سکے اور 1587 کے مجموعی اسکور پر پوری بھارتی ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
ٹیسٹ میچز میں ریکارڈ 14738 رنز بنانے والے بھارت کے اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر اس ٹیسٹ میں بھی اپنی ٹیسٹ سینچریز کی سینچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور پہلی اننگز میں صرف 16 جبکہ دوسری میں 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواباً بھارت کی ٹیم بھی ایک بڑا سکور کرنے میں ناکا م رہی اور اُس کے تمام کھلاڑی 288 کے مجموعی ا سکور پر آؤٹ ہوگئے تھےجن میں راہول ڈریوڈ 117رنز کی شاندار پرفارمنس کے باعث سرِ فہرست تھے۔
انگلش ٹیم کے بلے بازوں نے دوسری اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ائن بیل، وکٹ کیپر مائیک پرائر، برسنن ، مورگن اور کیون پیٹرسن کے بالترتیب 159،73،90، 70اور 63 کے انفرادی سکور کی بدولت 544 رنز بنا کر بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 478 رنز کا ریکارڈ ہدف دینے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
اس سے قبل 'لارڈز' کے گراؤنڈ میں ہونے والے سیریز کے پہلے اور کرکٹ کی تاریخ کے 2000 ویں ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو 196 رنز سے ہرادیا تھا۔
چار میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 14 اگست سے برمنگھم میں ہوگا۔ اپنے دورے کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم میزبان ملک انگلینڈ کے خلاف ایک ٹوئنٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔