پنڈی ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے کئی کھلاڑی بیمار پڑ گئے

انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار نہیں ہوئے لیکن شبہ ہے کہ انہیں کوئی وائرل انفیکشن ہوا ہے۔

راولپنڈی میں موجود انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت کئی کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں نے بدھ کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لینا تھا تاہم کپتان بین اسٹوکس سمیت کئی کھلاڑیوں نے طبیعت کی ناسازی کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں ہوٹل میں ہی آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار نہیں ہوئے لیکن شبہ ہے کہ انہیں کوئی وائرل انفیکشن ہوا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق جو روٹ، ہیری بروک، زیک کرالی، کیٹن جیننگ اور اولی پاپ آپشنل پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔

انگلش کھلاڑی ایسے موقع پر بیمار پڑ گئے ہیں جب پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے کون سے کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔ لیکن انگلش بورڈ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب بین اسٹوکس کی قیادت میں 11 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔

اس ٹیم میں جو روٹ، ہیری بروک، اولی پاپ، بین ڈکیٹ، زیک کرالی، لیام لیونگسٹن، بین فوکس، جیک لیچی، اولی روبنسن اور جمی اینڈرسن شامل تھے۔

انگلش کھلاڑیوں کی ناساز طبیعت کے باعث آج ہونے والی ٹرافی کی رونمائی تقریب بھی کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بین اسٹوکس کی جگہ جو روٹ ٹرافی کی رونمائی تقریب میں شریک ہوں گے اور وہی میچ میں ٹیم کی قیادت بھی کریں گے۔

جو روٹ نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کچھ کھلاڑی سو فی صد ٹھیک نہیں ہیں جس پر ہم افسردہ ہیں لیکن جمعرات کو کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے لیے تیار ہیں۔

انگلش کرکٹ ٹیم 17 برس بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے راولپنڈی میں موجود ہے جہاں جمعرات کو پہلے میچ کے بعد دوسرا میچ ملتان میں 9 سے 13 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 17 سے 21 دسمبر تک شیڈول ہے۔