ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر ختم، انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ ون سے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگیا ہے، ماہرین کی رائے کے برعکس انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے لاسٹ فور میں جگہ بنائی۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ اورہوم کراؤڈ کے ایڈوانٹیج سے فائدہ نہ اٹھاتے ہوئے ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے گروپ ون کے آخری سپر 12 مقابلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو چار وکٹ سے زیر کر کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن سے آسٹریلیا کو محروم کردیا ۔ انگلینڈ کی اس کامیابی نے انہیں نیوزی لینڈ کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ دلادی۔

میزبان ٹیم و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سات پوائنٹس حاصل کرنے کے باوجود بھی کم نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے لاسٹ فور میں جگہ نہیں بناسکی۔

سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا مقابلہ کس سے ہوگا، اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔ اتوار کو گروپ ٹو کے تین اہم میچ کھیلے جائیں گےجس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ بھارت، جنوبی افریقہ اور پاکستان میں سے کون سی دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گی۔



نسانکا کی نصف سینچری نے سری لنکا کو 8 وکٹ پر 141 رنز ےتک پہنچا دیا

سری لنکا نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا جب فیصلہ کیا تھا تو ان کے کپتان بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بڑے اسکور کے خواہش مند تھے۔ لیکن انگلینڈ کے بالرز کسی اور ہی پلان کے ساتھ میدان میں اترے تھے۔

اوپنر پاتھوم نسانکا اور وکٹ کیپر کوسال مینڈس نے صرف چار اوورز میں 39رنز بناکر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم کوسال مینڈس کےآؤٹ ہونے کے بعد کوئی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔


پاتھوم نسانکا 67 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ صرف بھنوکا راجاپاکسا 22 رنز بناکر اور کوسال مینڈس 18 رنز کے ساتھ ڈبل فگرز میں پہنچنے والے بلے باز تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بالر مارک وڈ نے 26 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ بین اسٹوکس، کرس ووکس، سیم کرن اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



انگلش اوپنرز کی تباہ کن بیٹنگ نے انہیں اگلے مرحلےمیں جگہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا

142 رنز کے تعاقب میں انگلش اوپنرز ایلکس ہیلز اور کپتان جوس بٹلر نے ٹیم کو تباہ کن آغاز فراہم کیا، صرف پاور پلے میں ہی دونوں نے ستر رنز جوڑ کر ٹیم کی سیمی فائنل میں پیش قدمی کی بنیاد رکھی۔

جب جوس بٹلر آٹھویں اوور میں 23 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا اسکور 75 رنز تھا، ان کے واپس جانے کے کچھ دیر بعد ہی ایلکس ہیلز 30 گیندوں پر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔


ایسے میں سری لنکن بالرز نے انگلش مڈل آرڈر کو پریشان کیا اور ڈیوڈ ملان کی انجری سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں 15ویں اوور کے اختتام تک 5 وکٹ کے نقصان پر 113 تک محدود کردیا۔

اس موقع پر آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اننگز کو سنبھالا اور 36 گیندوں پر 42 ناٹ آؤٹ کی ذمے دارانہ اننگز کھیل کر انگلینڈ کو فتح دلانےمیں اہم کردار ادا کیا۔ سابق چیمپئن ٹیم نے مقررہ ہدف آخری اورر میں دو گیندوں قبل چھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔


انگلش لیگ اسپنر عادل رشید کو چار اوورز میں صرف 16 رنز دے کر ایک وکٹ لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

'سیمی فائنل کی باقی دو ٹیموں کا فیصلہ اتوار کو ہونے والے میچوں کے بعد ہو جائے گا'

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل نو نومبر کو سڈنی اور دوسرا 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا ،نیوزی لینڈ کا سامنا سڈنی میں اور انگلینڈ کا ایڈیلیڈ میں کون سی ٹیمیں کریں گی، اس کا فیصلہ اتوار کے میچوں کے بعد ہی ہوگا۔

اتوار کو گروپ بی کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں صبح نوبجے آمنے سامنے ہوں گی۔

سپر 12 مرحلے کے آخری میچ میں بھارت اور زمبابوے کی ٹیمیں میلبرن کے مقام پر مدِمقابل ہوں گی، ان تینوں میچوں کے بعد ہی گروپ ٹو سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے نہ صرف بنگلہ دیش کو شکست دینا ہو گی بلکہ امید کرنا ہو گی کہ نیدرلینڈز کی ٹیم جنوبی افریقہ کو، یا زمبابوے کی ٹیم بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے۔

ایونٹ کا فائنل میلبرن میں 13 نومبر کو سیمی فائنل کی فاتح ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔