ڈائریکٹر امتیاز علی کی زیر تکمیل فلم ' راک اسٹار'ماضی کے عظیم فنکار اور گزشتہ اتوار کو اس دنیا سے چل بسنے والے اداکار شمی کپور کی آخری فلم ہوگی۔ اس فلم کو ریلیز ہوتا دیکھنے کی انہیں شدید خواہش تھی لیکن قسمت نے انہیں یہ موقع نہیں دیا اور یوں ان کی یہ خواہش حسرت ناتمام بن گئی۔
شمی کپور کی خواہش کا ایک سبب یہ تھا کہ اس میں انہوں نے اپنے پڑ پوتے رنبیر کپور کے ساتھ کام کیا ہے۔ زنبیر ،کپور خاندان کی تیسری نسل سے ہیں۔ یہ تینوں نسلیں شروع ہی سے بالی ووڈ فلم انڈسٹری سے جڑی ہوئی ہیں۔ پرتھوی راج کپور ، راج کپور، شمی کپور اور ششی کپور کے والد تھے جنہوں نے شہرہ آفاق فلم " مغل اعظم "میں شہنشاہ اکبر کا یاد گار رول ادا کیا تھا۔
راج کپور بھی کپور خاندان کے نام کو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہے۔ انہیں بھارتی فلموں کا لیجنڈ کہا جاتا تھا۔وہ کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ شمی کپور اور ششی کپور ان کے چھوٹے بھائی ہیں۔ ان کے تعارف کی بھی کبھی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ششی کپور ان دنوں شدید بیمار ہیں اور وہیل چیئر پر ہیں۔
رندھیر کپور، رشی کپور ، راجیو کپور ، راج کپور کے بیٹے اور آپس میں بھائی ہیں جبکہ کرینہ کپور ، کرشمہ کپور ، رندھیر کپورکی اولاد ہیں اور رنبیر کپوررشی کپور کے بیٹے ہیں۔ شمی کپور اسکرین پر رنبیر کے ساتھ خود کو کام کرتا دیکھ کر خوش ہونا چاہتے تھے مگر ایسا نہ ہوسکا۔
راک اسٹار اسی سال گیارہ نومبر کو ریلیز ہوگی۔ اوپر دی گئی تصویر اسی فلم سے لی گئی ہے جواتفاق سے شمی کپور کی آخری تصاویر میں سے ایک ہے۔ یہ تصویربھی اب کپور خاندان کا اثاثہ بن جائے گی۔