بھارتی ٹی وی اسٹار پلس کامقبول رئیلٹی شو "آ پ کی کچہری " ڈاکٹر کرن بیدی کی میزبانی میں تیسری مرتبہ شروع ہونے جارہا ہے۔ کرن بیدی بھارت میں قانون کی مضبوط محافظ سمجھی جاتی ہیں ۔ ان کی شہرت کو دیکھتے ہوئے ہی کئی سال پہلے ایک ریئلٹی شو" آپ کی کچہری" شروع کیا گیا تھا جس میں عوامی اور خاص طور سے گھریلومسائل کو اجاگر کرتے ہوئے متاثرین کو قانونی امداد کے ساتھ ساتھ مالی امداد بھی دی جاتی تھی۔ کئی قسطوں پر مشتمل پروگرام کے دو سیشنز پیش کئے جاچکے ہیں جبکہ تیسرا سیکشن جلد شروع ہونے والا ہے۔
فارمیٹ کے مطابق ہر پروگرام میں کوئی بھی ایک گھریلو یا معاشرتی مسئلہ ، متاثرین کی زبانی کرن بیدی کی کچہری میں پیش کیا جاتا تھا ۔ کرن بیدی منصف کی حیثیت سے متاثرین کو پہلے قانونی صلاح مشورہ دیتی تھیں جس پر متاثرہو فریقین مشورہ مان کر یا تو اس پر عمل کرنے کا وعدہ کرتے تھے یا پھر مشورے کے مطابق قانونی راہ اپنانے پر آمادہ ہوتے تھے۔
کرن بیدی کا کہنا ہے کہ پروگرام کے ذریعے پروگرام میں جتنے بھی مقدمات پیش ہوئے ان میں بھارتی قانون کے عین مطابق ہی فیصلے کئے گئے یا انہیں عدالت کا رخ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ان کے حقوق یا ذمے داریوں سے آگا ہ کیا گیا ۔
کرن بیدی کا کہنا ہے کہ پروگرام میں بہت سارے ایسے واقعات اور یادگار مقدمات سامنے آئے جن کی ڈی وی ڈی تیار کی جارہی ہے جو قانون پڑھانے والے اسکولوں اوردیگر اداروں کو بھیجی جائے گی ۔ یہ ڈی وی ڈی انہیں مفید اور تربیتی مواد فراہم کرے گی ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مجھے پروگرام کے درمیان منصف کی حیثیت سے لوگوں میں انصاف بانٹتے ہوئے بہت اچھا محسوس ہوا ۔ہمیں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی مدد حاصل رہی اور جو مالی امداد دی گئی وہ بھی غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے انہیں فراہم کی گئی۔