کرسمس کی غرض سے سفر کرنے والے ہزاروں مسافر یورپ میں شدید سرد موسم میں پھنسے ہوئے ہیں جہاں ذرائع آمدورفت تعطل کا شکار ہیں۔
پیر س کے ہوائی اڈے نے اپنی ایک تہائی پروازوں کو جمعہ کے روز منسوخ کردیا تھا۔ برفانی طوفان کے باعث جرمنی اور بیلجیئم میں بھی متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
برف سے اٹی چھت گرنے کے خدشے کے پیش نظر پیرس کے چارلس ڈی گاؤلے ائر پورٹ پر سینکڑوں مسافروں کو جگہ خالی کرنے کا کہا گیا ہے ۔ اسی جگہ 2004ء میں چھت کا ایک حصہ گرنے سے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
آئر لینڈ کے ڈبلن ہوائی اڈے پر تقریباً چالیس ہزار مسافر پروازوں کی منسوخی کے باعث جمعے کی شام تک پھنسے ہوئے تھے۔ موسم کے باعث پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہونے والے لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ پر بھی حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔
کرسمس کی شام ڈبلن اور پیرس کے ہوائی اڈوں پر پھنسے مسافروں کے لیے سینکڑوں کوٹ بھی لائے گئے۔
برفباری اور سرد بارشوں کی وجہ سے سڑک اور ریل کے ذریعے سفر بھی متاثر ہوا جب کہ فرانس اور کئی یورپی ملکوں میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ موسمی صورتحال آئندہ دنوں میں مزید خراب ہوسکتی ہے۔