یورپی پروازوں کی بحالی کا آغاز

آئس لینڈ میں آتش فشاں پہاڑ کے پھٹنے کے نتیجے میں فضا میں پھیلنے والی راکھ کے بادلوں سےمتاثر ہونے والی یورپی پروازوں کی بحالی کا آغاز ہوگیا ہے۔ لیکن صورت حال کی بحرانی حیثیت ابھی تک برقرار ہے۔

ائیر فرانس نے پیرس کے چارلس ڈیگال اور اورلی کے ہوائی اڈوں سے ٹرانس اٹلانک اور محدود پیمانے پر اندورن ملک اور یورپ کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فرانسیسی حکومت نے کہا ہے کہ پروازوں کا سلسلہ تیزی سے اپنے معمول پر لوٹ آئے گا۔

لیکن چارلس ڈیگال میں منگل کی صبح نامہ نگاروں نے ایک بحرانی صورت حال کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ایئر فرانس کے کاؤنٹروں پر پریشان حال مسافروں کی بہت بڑی تعداد جمع تھی جب کہ پروازوں کے نظام اولاقات کی بارے میں مطلع کرنے والے بورڈ پر تقریباً کسی پرواز کا نام موجود نہیں تھا۔

منگل کے روز اس ایئر پورٹ پر آنے والی پہلی غیر ملکی پرواز ابیجان سے تھی۔جہاز کے ایک مسافر جین نے فرانسیسی ریڈیو کوبتایا کہ اس طیارے کی منزل ابتدائی طور پر نائس تھی۔

ان کا کہناتھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ پیرس سے نائس تک جانے کا کوئی راستہ ڈھونڈنکالیں گے۔لیکن انہیں یہ یقین نہیں تھا کہ وہ جلد ہی پیرس کے لیے روانہ ہوسکیں گے۔

پڑوسی ملکوں سوئٹزرلینڈ اور اٹلی نے بھی منگل کے روز اپنے فضائی راستے کھولے اور اس سے ایک روز قبل وہاں سے کچھ پروازیں ایمسٹرڈیم اور فرینکفرٹ کے لیے ر وانہ ہوئیں تھیں۔ لیکن برٹش ایئر ویز نے اس انتباہ کےبعد کہ آئس لینڈ سے آتش فشاں پہاڑ سے راکھ کا ایک نیابادل فضا میں پھیل سکتا ہے، برطانیہ میں کم فاصلے کی پروازیں منسوخ کردیں۔برطانیہ، مرکزی یورپ سے اپنے شہریوں کو وطن لانے کے لیے نیوی کے تین بحری جہاز بھیج رہا ہے۔

پیر کے روز یورپی یونین کے ٹرانسپورٹ سے متعلق وزرا پورپی فضائی راستوں کو تین زونز میں تقسیم کرنے پرمتفق ہوئے جن میں سے کچھ راستوں پر پروازیں مکمل طورپر کھول دی جائیں گی ، جب کہ کچھ پر جزوی طورپر اور کچھ پر مکمل طورپر بند رہیں گی۔اس کا انحصار راکھ کے بادلوں کی نقل و حرکت پر ہوگا۔

ٹرانسپورٹ کے یورپین کمشنر سیم کیلس نے کہا ہے کہ موسمیات کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق منگل کے روز یورپی یونین کے علاقے کا تقریباً نصف حصہ راکھ کے بادلوں کی زد میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں منگل کے روز یورپ کی نصف پروازیں عمل میں آسکیں گی۔ لیکن صورت حال خاصی دشوار اور پیچیدہ ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ یورپی کوششوں کو مربوط کیا جانا بہت ضروری ہے۔

ایک اور خبر کے مطابق نیٹو نے کہاہے کہ پیر کے روز اس کے دو طیاروں کے انجنوں کو راکھ کے بادلوں سے گذرنے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہے۔