فیس بک پر اپنے اعضاء کا عطیہ دینے والوں کی رجسٹریشن

معروف آن لائن سماجی نیٹ ورک فیس بک نے اپنی سائٹ پر ایک نئے شعبے کا اضافہ کیا ہے جس میں امریکہ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ممبر سرکاری طورپر اپنا نام اپنے اعضاء کا عطیہ دینے والے طورپر درج کروا سکتے ہیں۔

فیس بک کی انتظامیہ کا کہناہے کہ اس نئے شعبے کے قیام سے انسانی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔

فیس بک کے شریک بانی اور سربراہ مارک زوکر برگ نے اپنی مقبول عام ویب سائٹ کے اس نئے فیچر کا اعلان منگل کے روز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیس بک اور اس کے شراکت دار ان لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنا چاہتے ہیں جو اپنے اعضاء کا عطیہ دینے والے کے طورپر اپنا نام درج کروانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

فیس بک پر اپنے عطیہ دینے والوں کے بارے میں معلومات صحت اور تندرستی سے متعلق ان کے صفحات پر دیکھی جاسکتی ہیں۔

فیس بک کے سربراہ کا کہناہے کہ انہیں توقع ہے کہ جب لوگ فیس بک پر دوستوں کے نام اپنے اعضاء کا عطیہ دینے والوں کے طورپر دیکھیں گئے تو وہ اس میں اپنا نام درج کرانے کی جانب مائل ہوں گے۔