فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں گروپ’ ایچ ‘سے کولمبیا اور جاپان نے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔جاپان کو فیفا فیئر پلے رولز کے تحت اگلے مرحلے تک رسائی ملی۔
گروپ کے آخری میچز میں جاپان اور پولینڈ جبکہ کولمبیا اور سینیگال کی ٹیمیں مد مقابل آئیں، جن میں جاپان اور سینیگال کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کولمبیا نے سینیگال کو ایک۔ صفر سے شکست دی۔ میچ کا واحد گول کولمبیا کے دفاعی کھلاڑی یری مینا نے کیا۔
آخری گروپ میچز میں شکست کے بعد جاپان اور سینیگال کے چار، چار پوائنٹس تھے۔ تاہم گروپ مقابلوں میں سینیگال کو 6 جبکہ جاپان کو 4 ییلو کارڈز دکھائے گئے۔ یوں جاپان نے دو ییلوکارڈز کم ہونے کی بنا پر ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ سینیگال کی ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر پہلے ہی مرحلے میں ختم ہو گیا اور وہ فیئر پلے پوائنٹس کی بنیاد پر ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
جاپان اور پولینڈ کی ٹیمیں پہلے ہاف میں کوئی گول نہ کر سکیں، یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں جاپان کا مسلسل پانچواں میچ ہے جس میں ہاف ٹائم پر میچ برابر رہا ہے۔
دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں ہی جاپان نے پہلی تبدیلی کی اور شنجی اوکازاکی کی جگہ یویا اوساکا کو میدان میں اُتارا۔
کھیل کے 59 ویں منٹ میں پولینڈ کے جین بیڈناریک نے گول کرکے پولینڈ کو ایک۔ صفر کی برتری دلا دی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد جاپان نے ایک اور تبدیلی کی اور تاکاشی اوسامی کی جگہ تاکاشی اینوئی کو آزمانے کا فیصلہ کیا جبکہ اپنی برتری کو برقرار رکھنے کے لئے پولینڈ نے بھی یکے بعد دیگر کئی تبدیلیاں کیں۔
ہر ممکن کوشش کے باوجود جاپان کی ٹیم کوئی گول نہ کر پائی اور پولینڈ نے یہ میچ ایک۔ صفر سے اپنے نام کرلیا لیکن یہ میچ جیتنے کے باوجود پولش ٹیم اگلے مرحلے میں نہ پہنچ سکی۔
پولینڈ کی ٹیم کولمبیا سے شکست کے بعد پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ہے جب پولش ٹیم گروپ مرحلے میں ہی ورلڈ کپ سے باہر ہوئی ہے۔ اس سے پہلے 2002ء اور 2006ء میں بھی اس کا سفر گروپ مرحلے تک ہی محدود رہا تھا۔