رسائی کے لنکس

جرمنی کی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے امیدیں برقرار


اسٹیڈیم میں موجود ہرجرمن شائق کسی معجزے کی دعا کررہا تھا لیکن کسی کو کیا پتا تھا کہ کھیل کے آخری لمحات میں جرمن مڈفیلڈر ٹونی کروس فری کک پر حیرت انگیز گول کرکے واقعی معجزہ کر دکھائیں گے۔

روس میں جاری 'فیفا' ورلڈ کپ فٹ بال کے اہم ترین میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن جرمنی نے سوئیڈن کو 1-2 سے شکست دے دی۔

اس فتح کے بعد جرمن ٹیم کے ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کی امیدیں مزید روشن ہوگئی ہیں۔

ہفتے کو گروپ ’ای‘ کے میچ میں جرمن ٹیم نے سوئیڈن کے خلاف جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور ابتدائی منٹوں میں ہی کئی شاندار مووز بنائیں لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا اور گیند گول میں نہ جاسکی۔

بتیسویں منٹ میں سوئیڈن کے اسٹرائیکر اولا ٹوئیوینون نے گول کرکے دفاعی چیمپئن کو حیران کردیا۔ گول کے بعد اسٹیڈیم میں موجود جرمن تماشائیوں پر سکتہ طاری ہوگیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ شاید ان کی ٹیم آج ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

دوسری جانب جرمن ٹیم نے سوئیڈن کے گول پر حملے مزید تیز کردیے جنہیں سوئیڈن کے گول کیپر نے ناکام بنادیا۔ پہلا ہاف ایک گول سے سوئیڈن کی برتری پر ختم ہوا۔

جرمن تماشائیوں کی امید اُس وقت پھر جاگ اٹھیں جب 48 ویں منٹ میں مارکوس ریوس نے گول کرکے میچ ایک، ایک سے برابر کردیا۔

جرمن دفاعی کھلاڑی جیرم بوٹینگ کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا جس کے بعد ٹیم کو دس کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔

اسٹیڈیم میں موجود ہرجرمن شائق کسی معجزے کی دعا کررہا تھا لیکن کسی کو کیا پتا تھا کہ کھیل کے آخری لمحات میں جرمن مڈفیلڈر ٹونی کروس فری کک پر حیرت انگیز گول کرکے واقعی معجزہ کر دکھائیں گے۔

اس گول کے بعد سوئیڈن کے کھلاڑیوں اور مداحوں کے چہروں پر مایوسی چھاگئی۔ اُنہیں یقین نہیں آرہا تھا کہ آخری لمحات میں میچ کا نتیجہ اس قدر مختلف ہوسکتا ہے۔

جرمنی نے نہ صرف میچ دو۔ایک سے اپنے نام کیا بلکہ وہ ناک آؤٹ مرحلے کی 16 ٹیموں میں شامل ہونے کی دوڑ سے باہر ہونے سے بھی بچ گیا ہے۔

گروپ ’ایف‘ میں میکسیکو کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر ہے جبکہ جرمنی اور سوئیڈن کے تین، تین پوائنٹس ہیں۔

اس گروپ سے ناک آؤٹ مرحلے میں کونسی دو ٹیمیں جائیں گی اس کا انحصار 27 جون کو جنوبی کوریا اور جرمنی اور میکسیکو اورسوئیڈن کے میچوں کے نتیجے پر منحصر ہے۔

XS
SM
MD
LG