فٹبال کے عالمی کپ میں تیسرے نمبر کے لیے ہفتہ کو میزبان ملک برازیل اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔
دونوں ٹیمیں اپنے اپنے گروپس اور پھر کوارٹر فائنل میں کامیابیوں کے بعد سیمی فائنلز تک پہنچی تھیں لیکن عالمی چیمپیئن بننے کا خواب اس بار ان کے لیے صرف خواب ہی رہا۔
پانچ مرتبہ کی عالمی چیئمپین ٹیم برازیل کو سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں سات گولز سے عبرتناک شکست ہوئی جب کہ نیدرلینڈز کو ارجنٹائن کے پینلٹی ککس کے ذریعے دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔
برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار زخمی ہونے کی وجہ سے اس میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔
نیدرلینڈز کے کوچ لیوس وین گال کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم یہ میچ جیت کر اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
"ہم تیسری پوزیشن پر آنے کے لیے سب کچھ کریں گے، ہم اس ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہنا چاہتے ہیں۔"
نیدرلینڈز نے اپنے گروپ کے چاروں میچ جیتے، کوارٹر فائنلز میں اس کا مقابلہ کوسٹا ریکا کے ساتھ برابر رہا اور سیمی فائنل میں بھی میچ کے مقررہ وقت کے دوران ارجنٹائن کے ساتھ اس کا مقابلہ برابر ہے اور فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔
برازیل کے کوچ لوئز فلپ سکولاری کا کہنا ہے کہ یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے کیونکہ وہ برازیلی شائقین کو جشن کی کوئی وجہ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
"ہمیں معلوم ہے کہ ہم اپنے بنیادی مقصد تک نہیں پہنچ سکے لیکن اب بھی ہمارے پاس تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے اور ہم یہ حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ برازیل کے عوام کو کچھ تو خوشی دیں سکیں۔"
ہفتے کو ہونے والے اس میچ کے بعد فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل تیرہ جولائی کو ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں ارجنٹائن اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔