آسٹریلیا کے نوجوان تیراک کائل چامرز ریو اولمپکس میں 100 میٹر فری اسٹائل تیراکی کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر 48 سالوں میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے آسٹریلوی تیراک بن گئے ہیں۔
18 سالہ چامرز نے 47.58 سیکنڈز میں یہ مقابلہ جیتا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی طرف سے ان مقابلوں میں 1968ء میں میکسیکو سٹی ہوئے اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
مقابلوں کے پانچویں روز بھی امریکی کھلاڑی چھائے رہے اور اپنے ملک کے لیے مزید طلائی تمغے جیتے۔
خواتین کے تیراکی کے مقابلوں میں کیٹی لڈیکی سونے کا ایک اور تمغہ جیتتے ہوئے ریو اولمپکس کے 200 میٹر انفرادی میڈلے تیراکی کے جمعرات کو ہونے والے فائنل تک رسائی میں بھی کامیاب ہو گئی ہیں۔ یہ ریو اولمپکس میں ان کا تیسرا گولڈ میڈل تھا۔
مردوں کے دو سو میٹر بریسٹ سٹروک تیراکی کے مقابلے میں دمتری بالاندن نے اپ سیٹ کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے پہلی بار سونے کا تمغہ جیتا۔
فٹبال کے مقابلوں میں میزبان تیم برازیل نے ڈنمارک کو چار، صفر سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنلز کی دوڑ میں خود کو شامل رکھا۔
بارش اور تیز ہواؤں کے باوجود روڈ سائیکلنگ کے مقابلے ہوئے اور اس میں امریکہ کی دفاعی چیمپیئن کرسٹین آرمسٹرونگ نے سونے کا تمغہ جیتا۔ مردوں کے مقابلے کے فاتح سوئٹزرلینڈ کے فابیان کانسیلارا رہے۔
یہ دونوں کھلاڑی ریو اولمپکس کے بعد ریٹائر ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
باسکٹ بال میں امریکی ٹیم کے قائد کارمیلو انتھونی آسٹریلیا کے خلاف اپنی ٹیم کی فتح کے بعد امریکی اولمپکس باسکٹ بال کی تاریخ کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔