|
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے 14 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کے پہلے مرحلے کا اختتام ٹاپ پوزیشن پر کرلیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر کوالی فائر میں جگہ بنائی۔
ملتان سلطانز نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سولہویں اوور میں صرف 106 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کی فتوحات کا سلسلہ سات ہوگیا اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
بابر اعظم کی پشاور زلمی نے پہلے مرحلے کا اختتام صرف ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے دوسرے نمبر پر کیا ہے۔ شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور رائلی روسو کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر رہے۔
سابق چیمپئن کراچی کنگز کی ٹیم چار میچ جیت کر بھی پلے آف مرحلے میں جگہ نہ بناسکی۔ دو بار کے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے حصے میں صرف ایک کامیابی آئی جس کے بعد اس نے پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
SEE ALSO: سوشل میڈیا پر بائیکاٹ پی ایس ایل ٹاپ ٹرینڈ کیوں بن گیا ہے؟ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں کیا ہو گا؟
ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں چار ٹیموں کے درمیان کوالی فائر اور ایلی منیٹرز میچز کھیلے جائیں گے۔
لیگ کے فارمیٹ کے مطابق 14 مارچ کو کھیلے جانے والے کوالی فائر میں ملتان سلطانز کا مقابلہ سابق چیمپئن پشاور زلمی سے ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ٹیم کو بھی اس میچ میں شکست ہوگی وہ ایونٹ سے مکمل طور پر آؤٹ نہیں ہوگی بلکہ اسے فائنل تک پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا۔ میچ کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
کوالی فائر کے بعد ہوگا پہلا ایلی منیٹر، جس میں دو بار کے سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایک مرتبہ کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے۔ اس میچ میں ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جب کہ فاتح ٹیم کا مقابلہ کوالی فائر میں شکست کھانے والی ٹیم سے ہو گا اور اس میچ کو دوسرا ایلی منیٹر میچ کہا جائے گا۔
دوسرے ایلی منیٹر کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔ جہاں اس کا مقابلہ کوالی فائر جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔
SEE ALSO: پی ایس ایل: توقعات کے برعکس کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کون کون ہیں؟ماضی میں متعدد بار کوالی فائر میں شکست کھانے والی ٹیم یا مسلسل دو بار ایلی منیٹر جیتنے والی ٹیم نے ٹائٹل جیتاہے۔ پہلی مرتبہ ایسا 2016 میں ہوا جب اسلام آباد یونائیٹڈ نے دونوں ایلی منیٹرز جیت کر کم بیک کیا اور پھر فائنل اپنے نام کیا۔
اس کے اگلے ہی سال کوالی فائر میں شکست کھانے والی پشاور زلمی نے دوسرا ایلی منیٹر جیت کر فائنل میں جگہ بنائی اور پچھلے میچ میں شکست کا بدلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے لیا۔
گزشتہ دونوں پی ایس ایل پلے آف میں لاہور قلندرز کو کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے دوسرا ایلی منیٹر اور فائنل جیت کر پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
SEE ALSO: وہ نامور کھلاڑی جو پی ایس ایل 9 کا حصہ نہیں ہوں گےاس بار ملتان سلطانز کے پاس پی ایس ایل جیتنے کا سب سے اچھا موقع اس لیے بھی ہے کیوں کہ انہیں مسلسل دو فائنل ہرانے والی لاہور قلندرز کی ٹیم پلے آف مرحلے میں نہیں ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ اس بار نتیجہ اس ٹیم کے حق میں آتا ہے جس نے فائنل میں کوالی فائر جیت کر جگہ بنائی، یا پھر وہ ٹیم فاتح بنتی ہے جو ملنے والے دوسرے موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے۔