امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں پانچ فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی گاڑی فورٹ ہڈ کے فوجی اڈے کی ایک ندی میں طغیانی کی زد میں آکر الٹ گئی۔
فوجی حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو معمول کی مشق کے دوران پیش آیا جس میں ایک فوجی ٹرک آول ندی میں طغیانی کی نذر ہو گیا۔
تین لاشوں کو فوری طور پر یہاں سے نکال لیا گیا جب کہ دیر گئے دو دیگر فوجیوں کی لاشیں ملیں۔ چار فوجی اس واقعے میں تاحال لاپتا ہیں۔
لواحقین کو مطلع کیے جانے تک فوج نے مرنے والے اہلکاروں کے نام ظاہر نہ کرنے کا بتایا ہے۔
فوج کا ایک طیارہ، سراغ رساں کتے اور سرعت رفتار کشتیوں کی مدد سے لاپتا فوجیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والا ٹرک فوجی کی نقل و حرکت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے زندہ بچ جانےو الے تین فوجی استپال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ہیوسٹن سے 320 کلومیٹر دور واقع فورٹ ہڈ کو ڈرامائی انداز میں گزشتہ چند دنوں میں قابل ذکر بارشوں کا سامنا ہے۔
گزشتہ ماہ کے وسط میں بھی ہیوسٹن اور اس کے گردونواح میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی جس سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک جب کہ ایک ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔
شدید خراب موسم اور سیلاب کے باعث گزشتہ ہفتے بھی چار افراد موت کا شکار ہو گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ یکم جون سے طوفان بادوباراں کا موسم شروع ہونے کے پیش نظر انھوں نے مزید ممکنہ سیلاب کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کر لی ہیں۔