فیفا ورلڈ کپ میں گروپ’ اے‘کے میچ میں یوروگوائے نے میزبان ملک روس کو تین ۔صفر سے شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ شکست کے باوجود روس کی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ اسی گروپ کے ایک اور میچ میں سعودی عرب نے مصر کو شکست دے دی۔
یوروگوئے کی ٹیم میں کھیل کے آغاز ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ ڈائے رکھا اور دسویں منٹ میں لوئس سواریز نے فری کک پر گیند گول میں پھینک کر ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔
یوروگوائے کی طرف سے ورلڈ کپ مقابلوں میں سواریز کا یہ ساتواں گول ہے۔ صرف آسکرمیگوئز 8 گول کے ساتھ اُن سے آگے ہیں۔
روس کی ٹیم ابھی ایک گول کا خسارہ ہی پورا نہیں کر پائی تھی کہ لگزالٹ کی لگائی ہوئی کک روس مڈ فیلڈر ڈیسن چیری شیف ٹانگ سے لگ کر گیند کی سمت تبدیل ہوگئی جس کی وجہ سے گول کیپر کو اُسے روکنے کا کوئی موقع نہ ملا اور گول میں چلی گئ۔ یوں’ اون گول‘کے باعث یوروگوئے کی برتری دگنی ہوگئی۔
فرانس کے خلاف 1966ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یوروگوائے نے ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے پہلے ہاف میں دو گول بنائے ہیں۔
روسی ٹیم کو 36 ویں منٹ میں ایک اور دھچکا اُس وقت لگا جب ریفری نے دفاعی کھلاڑی ایگور اسمولنیکوف کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا۔ رواں ورلڈ کپ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے سویڈن کے خلاف میچ جرمن دفاعی کھلاڑ ی جیرم بوآٹینگ کو ریڈ کارڈ دکھایا جا چکا ہے۔
روسی ٹیم نے گول برابر کرنے کی کوشش اور ڈیسن چیری شیو کی جگہ فیگوریا فرنانڈیز کو بھی آزمایا لیکن گول نہ کرسکی اور پہلا ہاف یوروگوائے کی دو گول سے برتری پر ختم ہوا۔
روس نے دوسرے ہاف کی ابتداء ہی میں ایک اور تبدیلی کی اور یوری گازنسکی کی جگہ ڈیلر کوزیایووکو میدان میں اُتارا لیکن اس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ ہونے پر ٹیم میں ایک اور تبدیلی کی گئی اور الیکسی میرانچک کو باہرکرکے فائیڈورواسمولوو کو گراؤنڈ میں بھیجا۔
اس دوران یوروگوائے نے بھی اپنی برتری کو برقرار رکھنے کے لئے کئی تازہ دم کھلاڑی میدان میں اُتارے اور روس کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
کھیل کے 90 ویں منٹ میں کارنر پر یوروگوائے کے گوڈین نے ہیڈر کے ذریعے گیند گول میں پھینکنے کی کوشش کی۔ گول کیپر نے بال گول میں جانے سے تو روک لی لیکن کیوانی نے جوابی ہٹ لگا کرگیند گول میں پھینک دی اور ٹیم کی برتری تین۔صفر کردی۔
لوئس سواریز کے بعد ایڈیسن کیوانی تین مختلف ورلڈ کپ مقابلوں (2010، 2014 اور 2018) میں گول کرنے والے یوروگوائے کے دوسرے فٹ بالر بن گئے ہیں۔
اس میں کامیابی کے بعد یوروگوائے کی ٹیم گروپ’ اے‘میں یورو گوائے 9 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ روس کے 6 اور سعودی عرب کے 3پوائنٹس ہیں۔
گروپ’ اے‘کے ایک اور میچ میں سعودی عرب نے مصر کو 2-1 سے ہرا دیا۔ گروپ میچز میں مصر کی یہ مسلسل تیسری شکست جبکہ سعودی عرب واحد جیت ہے۔
مصرکے اسٹار فٹ بالر محمد صلاح نے 22 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم برتری دلائی، جو پہلے ہاف کے آخری لمحات میں پنلٹی کک پر سعودی عرب کے سلمان الفراج نے گول کرکے برابر کردی۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن 90 منٹ کا کھیل مکمل ہونے تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ 5 منٹ کے اسٹاپیج ٹائم میں سعودی عرب کے سالم الدوساری نے شاندار گول کر اپنی ٹیم کو دو۔ایک سے فتح دلا دی۔
اس گروپ سے یوروگوائے اور روس کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہیں جبکہ سعودی عرب اور مصرکی ٹیموں کا سفرپہلے راؤنڈ ہی میں ختم ہو چکا ہے۔