کرونا وائرس کے سبب بھارت کی حکومت نے ایک ماہ کے لیے ویزا پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارت کے خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت نے 15 اپریل تک غیر ملکیوں کے لیے ویزا اجرا پر پابندی عائد کی ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کا رواں سیزین 29 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جس کا اختتام 24 مئی کو ہو گا۔
'پی ٹی آئی' کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کے لیے بزنس ویزا کے تحت آتے ہیں جس پر حکومت نے ایک ماہ کے لیے پابندی لگائی ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر معلومات دینے والے عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت کی پابندی 15 اپریل تک ہے، اس پابندی کی وجہ سے غیر ملکی کرکٹر بھارت نہیں آ سکتے۔
یاد رہے کہ بھارت بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور اب تک وہاں 60 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بھارت کی حکومت نے ملک میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے تحت سفارت کاروں اور ملازمین کو جاری ویزوں کے علاوہ تمام غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
صورت حال کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے 14 مارچ کو ممبئی میں اجلاس طلب کیا ہے جس کے دوران آئی پی ایل کے رواں سیزن کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی کے عہدیدار کے مطابق آئی پی ایل کے حوالے سے تمام فیصلے گورننگ کونسل کے اجلاس میں ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی انتظامیہ غور کر رہی ہے کہ تماشائیوں سے خالی میدانوں میں میچ منقعد کیے جائیں تاکہ کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ نہ ہو۔
یہ رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں کہ گراؤنڈز میں تماشائیوں کی عدم موجودگی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے آئی پی ایل میں لوگوں کی دلچسپی ختم ہو جائے گی۔ اس لیے رواں برس کے سیزن کو ملتوی کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے 2008 میں انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز کیا تھا۔ آئی پی ایل کا انعقاد ہر سال اپریل اور مئی کے مہینے میں ہوتا ہے۔ ابتدا میں ایونٹ میں چھ ٹیمیں تھیں جو بعدازاں آٹھ کر دی گئیں۔
آئی پی ایل کے اب تک 12 سیزن ہو چکے ہیں جس میں سب سے کامیاب ٹیم ممبئی انڈینز ہے جس نے چار بار فتح اپنے نام کی جب کہ چنائے سپر کنگز نے تین بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔