|
مسسی پی کے شیرف آفس کے ایک سابق ڈپٹی شیرف کو جمعرات کے روز عدالت نے 27 برس سے زیادہ جیل کی سزا سنائی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کے ایک گروپ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک گھر میں گھس پر دو سیام فام افراد پر شدید تشدد کیا تھا۔
53 سالہ سابق ڈپٹی شیرف برٹ میک الپائن کو حملے اور تشدد میں ملوث ہونے کا اقرار کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ جج ٹام لی نے سزا کا حکم جاری کیا۔
واقعات کے مطابق اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مار پیٹ، متعدد بار اسٹین گن کے استعمال، اور جنسی استحصال کرنے سے قبل سیاہ فاموں کی نسلی بنیاد پر تذلیل کی اور برا بھلا کہا۔
تشدد میں ملوث اہل کاروں کے اس گروپ کا چھٹا رکن رچلینڈ کا 32 سالہ سابق پولیس افسر جوشوا ہرٹ فیلڈ ہے، جسےجیل کی سزا نہیں دی گئی۔
جج لی نے بدھ کے روز اس گروپ کے دیگر ارکان میں سے 29 سالہ کرسچن ڈیڈمن کو 40 سال، 28 سالہ ڈینیئل اوپیکے کو ساڑھے 17 سال، جب کہ منگل کے روز 31 سالہ ہنٹر ایلوارڈ کو 20 سال اور 46 سالہ جیفری مڈلٹن کو ساڑھے 17 سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ہرٹ فیلڈ کے سوا باقی تمام عہدے دار مسسی پی کے باہر اینکن کاؤنٹی کے شیرف آفس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
ان عہدے داروں نے تشدد کا نشانہ بننے والے دونوں افراد کے خلاف جعلی الزامات عائد کیے، اور جرم کے مقام پر منشیات رکھ دیں۔ اس جھوٹے الزام کو انہوں نے مہینوں چھپائے رکھا، اور بالآخر یہ اقرار کر لیا کہ انہوں نے مائیکل کوری جینکنز اور ایڈی ٹریل پارکر پر شدید تشدد کیا تھا۔
جمعرات کی سماعت میں جینکز کی طرف سے اٹارنی نے ایک بیان پڑھا جس میں کہا گیا تھا کہ میں نے خود کو ایک غلام کی طرح محسوس کیا اور انہوں نے مجھے کتے کی طرح مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اگر رینکن کاؤنٹی کے شیرف آفس کے انچارج اس طرح کا تشدد کر سکتے ہیں تو پھر خدا ہم سب کی مدد کرے۔
تشدد پر مبنی اس کہانی کا آغاز 24 جنوری 2023 کو اس وقت ہوا جب ایک نسل پرست سفید فام نے میک الپائن سے شکایت کی کہ دو سیاہ فام مرد بریکسٹن کے ایک گھر میں ایک سفید فام عورت کے ساتھ ٹہرے ہوئے ہیں۔ میک الپائن نے ڈیڈمن کو اس شکایت سے آگاہ کیا جس نے سفید فام عہدے داروں کے ایک گروپ کو ٹیکسٹ کیا کہ آیا وہ ایک مشن کے لیے دستیاب ہیں؟
ٹیکسٹ میں کہا گیا تھا کہ "کوئی برا مک شاٹ" نہیں ہونا چاہیے۔ مگ شاٹ اس تصویر کو کہتے ہیں جو ملزم کی گرفتاری کے وقت لی جاتی ہے۔
اس پیغام کا مطلب یہ تھا کہ جسم کے ان حصوں پر تشدد کیا جائے جو تصویر میں ظاہر نہ ہوں۔
ڈیڈمن اپنے ساتھ ہیرٹ فیلڈ کو بھی لایا جسے یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ جب وہ عمارت میں داخل ہوں گے تو وہ عقبی دروازے کا خیال رکھے۔
عمارت میں داخل ہونے کے بعد اہل کاروں نے دونوں سیاہ فام مردوں کی تذلیل کی اور ان پر نسل پرستی پر مبنی جملے کسے۔ پھر انہیں ہتھکڑیاں لگائیں اور اسٹین گنوں سے مارا پیٹا۔ ان کے چہروں پر دودھ، شراب اور چاکلیٹ سیرپ انڈیلا۔
اس مارپیٹ میں ایلورڈ نے جینکنز کا جبڑا توڑ دیا اور زبان کو نقصان پہنچایا جسے چھپانے کے لیے انہوں نے سیاہ فاموں پر منشیات کا جھوٹا الزام ڈال دیا جسے اہل کاروں نے مہینوں تک چھپائے رکھا۔
سفید فام اکثریت والی رینکن کاؤنٹی، جیکسن قصبے کے مشرق میں واقع ہے۔ جیکسن ایک ایسا قصبہ ہے جہاں سیاہ فام بڑی تعداد میں آباد ہیں۔
رینکن کاؤنٹی کے شیرف برائن بیلی نے، جنہوں نے 2012 میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا، اپنے ماتحتوں کی کارروائی کے بارے میں کبھی کچھ نہیں بتایا۔ تشدد میں ملوث اہل کاروں کو پچھلے سال جون میں اپنے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔
تشدد کا نشانہ بننے والے جینکنز اور پارکر نے محکمے کے خلاف 40 کروڑ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
(اس رپورٹ کی تفصیلات اے پی سے لی گئیں ہیں)