یمن: امدادی تنظیم کے اسپتال پر بمباری، چار ہلاک

فائل

'ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز' کا کہنا ہے کہ یمن میں اس کے طبی مراکزپر حالیہ چند ماہ کے دوران ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

یمن کے شمالی علاقے میں واقع ایک بین الاقوامی امدادی تنظیم کے اسپتال پر میزائل حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امدادی ادارے 'ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف)' نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمن کے صوبے صعدہ میں واقع اس کے اسپتال پر ہونے والی بمباری میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں عملے کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

امدادی تنظیم نے کہا ہے کہ ضلع راذہ میں واقع شیعارہ اسپتال پر بمباری سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ بعض زخمیوں کے تاحال عمارت کے ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔

تنظیم کے ڈائریکٹر آپریشنز ریکوئل آیورا نے کہا ہے کہ 'ایم ایس ایف' تواتر سے تنازع کے تمام فریقین بشمول سعودی اتحاد کو یمن میں واقع اپنے تمام طبی مراکز کے محل و وقوع سے 'جی پی ایس' کے ذریعے آگاہ رکھتی ہے۔

بیان میں امدادی تنظیم کے اہلکار نے کہا ہے کہ یمن میں میزائل یا فضائی حملے کی صلاحیت رکھنے والا کوئی بھی فریق ایسا نہیں جو شیعارہ اسپتال کی موجودگی سے بے خبر ہو۔

'ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز' کا کہنا ہے کہ یمن میں اس کے طبی مراکزپر حالیہ چند ماہ کے دوران ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل اکتوبر میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب ملکوں کے اتحاد کے ایک فضائی حملے میں حیدان نامی علاقے میں قائم 'ایم ایس ایف' کا اسپتال تباہ ہوا تھا جب کہ دسمبر میں سعودی اتحاد کے ایک اور حملے میں تنظیم کے تعز میں واقع طبی مرکز کو نقصان پہنچا تھا۔

'ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز' مسلح تنازعات اور جنگوں کا شکار علاقوں میں عام افراد تک طبی سہولتیں پہنچانے والا ایک معروف بین الاقوامی ادارہ ہے جس کے طبی مراکز یمن کے علاوہ بھی دنیا کے دیگر جنگ زدہ ملکوں میں بمباری اور حملوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔