عام لوگوں کی زندگی میں آنے والی الجھنوں، خواہشات، خوابوں، کامیابیوں اور ناکامیوں کی کہانیاں ڈراموں کی شکل میں پاکستان کے نجی چینلز پر پیش کی جا رہیں اور جو ناظرین کی توجہ کا مرکز ہیں۔
آئیے ایسی ہی چار نئی کہانیوں پر مشتمل چار نئے ڈراموں کی بات کریں جو زندگی کی کچھ تلخ حقیقتوں کے ساتھ ساتھ بہت سی محبتوں کی عکاسی بھی کرتے دکھائیں دے رہے ہیں۔
نور زندگی
کہتے ہیں محبت اور مہربانی سے پتھر سے پتھر دل کو بھی موم کیا جا سکتا ہے۔ جیو ٹی وی سے دکھائی جانے والی نئی ڈرامہ سیریل’ نور زندگی ‘کی کہانی کا تانا بانا بھی اسی خیال کے گرد بننا گیا ہے۔
’نور زندگی‘ کی مرکزی کردار نورجہاں ہے۔ ایک ایسی لڑکی جو پڑھی لکھی، مہربان ہے اور گھر بنانے کے لئے تکلیفیں اٹھانے پر بھی یقین رکھتی ہے۔ نورجہاں کی شادی سلیم سے ہوتی ہے جس نے پرائمری تک پڑھائی کے بعد والد کے انتقال کی وجہ سے پڑھائی کو خیرباد کہہ کر دکان کھول لی تھی۔ سلیم اپنے دوستوں کے زیر اثر رہتا ہے جو ہمیشہ اسے غلط راہ دکھاتے ہیں۔
غلط صحبت سلیم کو اس حد تک گمراہ کر دیتی ہے کہ وہ عورتوں کی عزت کرنا ہی بھول جاتا ہے حتیٰ کہ اپنے چھوٹے بھائی کو بھی پڑھائی سے روک دیتا ہے۔
نورجہاں کی سلیم سے شادی اور اس کا مثبت رویہ خاندان میں خوشگوار تبدیلیاں لاتا ہے جو سلیم کو قبول نہیں ہوتیں۔ نورجہاں سلیم کو ایک اچھا انسان بنانے میں کامیاب ہوگی یا اس کے برے رویے سے ہار مانے گی، اس کا راز ہرنئی قسط کے ساتھ کھلتا جائے گا۔
نور زندگی کی رائٹر ثروت نذیز اور ڈائریکٹر سراج الحق ہیں جبکہ کاسٹ میں عائشہ خان، سید جبران، شکیل، نومان حبیب اور دیگر شامل ہیں۔
جورو کا غلام
جورو کا غلام میں رشتوں میں درآنے والی تلخیوں، شکوؤں اور شکایات کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ جورو کا غلام کہانی ہے ایک سخت گیرباپ اور ایک ایسی لڑکی کی جو ذہنی معذوری کے شکار شخص سے شادی کو مقدر کا لکھا سمجھ کر قبول کر لیتی ہے اور اپنے تمام خوابوں سے دستبردار ہو جاتی ہے۔
معظم ایک ایسا باپ ہے جس کی ہر بات حرف آخر کا درجہ رکھتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ اپنے چار بیٹوں کی شادیاں بھی اپنی پسند کی لڑکیوں سے کرتا ہے۔ وہ باپ کے جابرانہ روپے سے گھٹن کا شکار ہیں۔ لیکن، اپنے باپ کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ معظم کی بیوی عظمیٰ بھی اپنے بچوں کے لئے کچھ نہیں کر سکتی۔ معظم اپنے ذہنی معذور بیٹے کی شادی ایک یتیم لڑکی سے کر دیتا ہے اور کوئی بھی اسے روک نہیں پاتا۔
معظم کا رویہ اس کے گھر کو بکھیر دے گا یا عظمیٰ اپنے خاندان اور گھر کو بچا پانے میں کامیاب ہوگی۔ ان سوالوں کا جواب ’جورو کا غلام‘ ہے۔
جورو کا غلام جاوید بابر کی پیشکش ہے جس کی اسٹار کاسٹ محمود اسلم، غزالہ کنول، کامران جیلانی اور دیگر اداکاروں پر مشتمل ہے۔ ڈائریکٹر عاطف حسین اور رائٹر سیما غزل ہیں۔
اذن رخصت
اپنے خوابوں کو پانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لینے والی خیالی دنیا کی باسی ایک لڑکی سندس کی کہانی ہےْ۔۔’اذن رخصت‘
سندس کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب وہ لڑکا جس سے ’سندس محبت‘ کرتی ہے اپنے والدین کو سندس کے والدین سے ملوانا چاہتا ہے۔ سندس نے اپنے خاندان سے متعلق جھوٹ اس کے لئے مشکلات کھڑی کر دیتا ہے۔ سندس اپنی حقیقی زندگی کے دکھ اور تکلیفوں کو چھپانے کے لئے جو جھوٹ بولتی ہے وہ اس کے اور حیدر کے درمیان جدائی کا سبب بن جائیں گے یا وہ دونوں خوشگوار زندگی گزاریں گے، اذن رخصت کی ہر قسط میں کہانی کے نئے موڑ اس سوال کا جواب دیں گے۔
اذن رخصت کو تحریر کیا ہے ماہا ملک نے اور ہدایات دی ہیں احمد کامران نے جبکہ اذن رخصت کی کاسٹ فیصل رحمٰن، ثمرین ہسبانی، ٹیپو شریف، سونیا مشال اور دیگر اداکاروں پر مشتمل ہے۔
دھانی
علی فیضان کے ڈائریکٹ کردہ ڈرامے دھانی کا مرکزی کردار شوخ و شنگ اور زندگی کی خوبصورتیوں سے محبت کرتی لڑکی ’دھانی‘ ہے۔ امیر کبیر بزنس مین کے بیٹے سمیرکو دھانی کا محتاط رویہ غرور لگتا ہے اور وہ اسے توڑنے کی ٹھانتا ہے۔ دھانی سمیر کے رابطوں کو محبت سمجھتی ہے اور اسے اپنے والدین کو گھر بھیجنے کا کہتی ہے۔ سمیردھانی کو بتاتا ہے کہ وہ اسے محض اپنی اچھی دوست سمجھتا ہے۔
دونوں کو ایک دوسرے کے لئے اپنی محبت کا علم اس وقت ہوتا ہے جب دونوں کی منگنیاں کسی دوسرے سے ہوجاتی ہیں۔
جاوید بابر کی پیشکش دھانی میں جن اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان میں مدیحہ امام، سمیع خان، توقیر احمد ناصر، عذرا آفتاب اور دوسرے شامل ہیں۔