پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں۔ جمعرات کی شب پاکستان میں ایک بار پھر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس پر لوگ شدید ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے یہ اضافہ لازمی تھا۔ چناںچہ یہ بوجھ لامحالہ عوام کو برداشت کرنا ہو گا۔
اب آپ پیٹرول، ڈیزل یا دیگر مصنوعات کا استعمال تو چھوڑ نہیں سکتے کیوں کہ یہ بھی روزمرہ ضرورتوں میں شامل ہے۔ لیکن کچھ ٹپس پر عمل کر کے آپ پیٹرول کے غیر ضروری استعمال سے بچ سکتے ہیں۔
کچھ پیٹرول بچانے سے شاید آپ کی جیب پر زیادہ فرق نہ پڑے لیکن آپ ہر مہینے کچھ رقم ضرور بچا لیں گے اور پیٹرول کی بچت کے ساتھ شاید صحت مند طرزِ زندگی کی طرف بڑھتے ہوئے ماحولیات کو بھی فائدہ پہنچا سکیں گے۔
1۔ گاڑی کا کم سے کم استعمال
ذاتی سواری ویسے تو بہت کام آتی ہے کہ جب آپ کو کہیں جانا ہو، تو آپ گاڑی یا موٹر سائیکل نکال کر یہ جا اور وہ جا۔
اگر گھر سے چند سو میٹر کے فاصلے پر بھی کہیں جانا ہو تو اکثر لوگ گاڑی پر جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ گاڑی کا کم سے کم استعمال آپ کے مہینے کے بجٹ پر بہت زیادہ اثر انداز نہ ہو تو بھی کچھ نہ کچھ کمی تو لا سکتا ہے۔
اس کا دوسرا فائدہ صحت اور ماحول کو بھی ہے۔ امریکہ میں بیماریوں کی روک تھام کے ادارے 'سی ڈی سی' کے مطابق ایک عام امریکی دن میں تین سے چار ہزار قدم چلتا ہے جو ایک سے ڈیڑھ میل کا فاصلہ بنتا ہے۔ جب کہ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ دن میں 10 ہزار قدم چلنا آپ کو بہت سی بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ روزمرہ نقل و حرکت کے لیے سائیکل بھی اچھا انتخاب ہو سکتی ہے جس پر سفر کے ساتھ ورزش بھی ہو جائے گی۔
2۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال
اگر آپ کو اچھی پبلک ٹرانسپورٹ میسر ہے تو دفتر جانے کے لیے اپنی ذاتی گاڑی کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔ اپنی ذاتی گاڑی بوقتِ ضرورت یا فیملی کو ساتھ لے جانے کے لیے ہی نکالیں۔ اس طرح آپ مہینے میں گاڑی کے ایندھن پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی کر سکتے ہیں۔
3۔ لفٹ کلچر کا فروغ
اگر آپ کے شہر میں اچھی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں تو آپ کچھ ایسے لوگوں یا دوستوں کو ساتھ ملا لیں جن کی منزل ایک ہی ہو۔ جیسے ایک ہی دفتر میں کام کرنے والے لوگ اگر قریب قریب ہی رہتے ہوں تو بجائے سب اپنی الگ الگ گاڑی میں دفتر آنے کے ایک ہی گاڑی میں چلے جائیں۔
اس طرح پیٹرول کا خرچ لوگوں میں تقسیم ہو جائے گا تو سب ہر مہینے کچھ نہ کچھ رقم بچا سکتے ہیں۔
4۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی کی حامل گاڑیوں کا استعمال
آج کل الیکٹرک گاڑیوں کا دور ہے جو نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کا خرچ بچاتی ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔ اگر آپ اپنے سفر کے لیے نئی گاڑی لے رہے ہیں اور اگر آپ کی جیب اجازت دیتی ہے تو برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں اچھا انتخاب ہو سکتی ہیں۔
یہ شاید آپ کو پیٹرول کی گاڑیوں کے مقابلے میں ذرا مہنگی ملیں گی مگر چوں کہ ان میں آپ کو پیٹرول نہیں ڈلوانا پڑے گا اور چارجنگ کا خرچ بھی کم آئے گا، اس لیے آپ مہینے میں کافی رقم بچا سکتے ہیں۔
اس کے علاہ گاڑی استعمال کرتے ہوئے بعض تدابیر پر عمل کر کے ایندھن اور اس پر آنے والے اخراجات کی بچت کی جا سکتی ہے۔
5۔ گاڑی اسٹارٹ نہ چھوڑیں
اگر آپ گاڑی میں کہیں جا رہے ہیں تو کوشش کریں کہ کسی کا انتظار کرتے ہوئے یا پھر گاڑی سے اتر کر کوئی سامان لینے بھی جائیں تو گاڑی کا انجن بند کر دیں۔ کیوں کہ گاڑی اسٹارٹ حالت میں کھڑی رکھنے سے تیل خرچ ہوتا ہے۔
امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے محکمۂ صحت اور ماحولیات کے مطابق گاڑی کا انجن اگر ایک گھنٹہ اسٹارٹ رہے تو تقریباً ایک سے ڈیڑھ گیلن فیول خرچ کرتا ہے جو چار سے چھ لیٹر بنتا ہے۔ البتہ اس کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ انجن کی ہارس پاور کتنی ہے۔ اس احتیاط پر عمل کرتے ہوئے آپ کافی فیول بچا سکتے ہیں۔
ساؤتھ کیرولائنا کا 'ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ' مشورہ دیتا ہے کہ اگر آپ سگنل پر یا ٹریفک جام میں نہیں ہیں تو زیادہ دیر اپنی گاڑی کا انجن اسٹارٹ نہ رکھیں۔ بلکہ اگر آپ کو اندازہ ہے کہ آپ کو 30 سیکنڈز سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے تو انجن بند کر دیں۔
6۔ انجن پر زیادہ زور نہ پڑنے دیں
آپ کی گاڑی کے انجن پر جتنا زیادہ دباؤ آئے گا، پیٹرول اتنا ہی زیادہ خرچ ہو گا۔ گاڑیوں کے ٹائر بنانے والی کمپنی 'بیرم' اس کے لیے تجویز کرتی ہے کہ آپ ٹائروں میں ہوا کی مقدار کا بھی خیال رکھیں، گاڑی میں زیادہ وزن نہ ڈالیں اور 'ایئر فرکشن' کو کم کرنے کے لیے گاڑی کے شیشے بھی بند رکھیں تاکہ انجن پر زور نہ پڑے۔
اس کے علاوہ اگر آپ آٹومیٹک گاڑی چلا رہے ہیں تو بایاں پاؤں بریک پیڈل پر نہ رکھیں کیوں کہ پیر کے وزن سے بریک تھوڑا سا دبنے سے بھی انجن پر دباؤ بڑھتا ہے۔
7۔ بڑے گیئر میں گاڑی چلائیں
فیول ٹریکنگ پر کام کرنے والی کمپنی 'یاٹس' کے مطابق اگر آپ پہلے یا دوسرے گیئر میں گاڑی چلا رہے ہیں اور بار بار بریک کا استعمال کرتے ہیں تو آپ کا فیول زیادہ خرچ ہو گا۔ اسی طرح اگر آپ جارحانہ ڈرائیونگ کرتے ہیں تو بھی آپ کا پیٹرول زیادہ خرچ ہو گا۔
اس لیے اگر سڑک پر ٹریفک زیادہ نہ ہو تو گاڑی کو بڑے گیئر پر اور یکساں رفتار سے چلائیں تاکہ انجن پر کم سے کم دباؤ آئے اور فیول بھی کم استعمال ہو۔
8۔ ایئرکنڈیشنڈ کا استعمال
گاڑی کا اے سی کافی زیادہ فیول خرچ کرتا ہے، اس لیے اگر موسم اچھا ہو تو بلاضرورت اے سی نہ چلائیں۔ اور اگر اے سی استعمال کر رہے ہیں تو 'ڈرائے موڈ' پر استعمال کریں جس سے آپ تھوڑا بہت پیٹرول بچا سکتے ہیں۔
9۔ راستہ دیکھ کر نکلیں
اور سب سے آخر میں سب سے ضروری چیز یہ کہ کہیں بھی جانے سے پہلے 'گوگل میپ' پر راستہ ضرور دیکھ لیں۔ چھوٹا راستہ اختیار کریں اور جہاں ٹریفک جام ہو، اس راستے پر جانے سے گریز کریں۔ رش کے اوقات میں سفر نہ کریں تاکہ ٹریفک میں پھنسنے کا امکان کم سے کم ہو۔