سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں جیت کے لیے پاکستان کو 342 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں بابر الیون کی بیٹنگ جاری ہے۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ہیں، عبداللہ شفیق 112 جب کہ محمد رضوان سات رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
منگل کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے نو وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز سے اننگز آگے بڑھائی تو آخری جوڑی مجموعی اسکور میں صرف آٹھ رنز کا ہی اضافہ کر سکی۔
فاسٹ بالر نسیم شاہ نے پراباتھ جے سوریا کو کلین بولڈ کیا جو چار رنز ہی بنا سکے جب کہ دنیش چندیمل 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی پوری ٹیم 337 رنز پر ڈھیر ہوئی تو پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق اور امام الحق پر مشتمل پاکستان کی اوپننگ جوڑی محتاط انداز اپنایا۔ دونوں بلے بازوں نے 87 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ امام الحق 35 رنز بنا کر سٹمپ ہوئے تو اظہر علی بھی محض چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بعدازاں بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کی سینچری پارٹنر شپ نے پاکستان کی اُمیدوں کو روشن کر دیا۔ چوتھے روز کھیل کے اختتامی مراحل میں بابر اعظم ایک گیند کو چھوڑتے ہوئے بولڈ ہو گئے جس کے بعد سری لنکا کو اُمید پیدا ہوئی۔
کھیل کے پانچویں روز سری لنکا کو ساٹ وکٹیں جب کہ پاکستان کو 120 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز میں 222 اور دوسری میں 337 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی شاندار سینچری کی بدولت 218 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ سیریز جیتنے والی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں اوپر چلی جائے گی۔
اس وقت سری لنکا 54 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 44 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔