غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے جہاز کو اسرائیلی وارننگ

اسرائیل حکام نے لبیا کی ایک فلاحی تنظیم کی طرف سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے بحری جہاز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی طرف سے لگائی گئی پابند ی کی خلاف ورزی نہ کرے۔

اسرائیل حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سامان لے جانے والے بحری جہاز نے اگر اپنا رخ ٕمصری بندرگاہ کی طرف نہیں موڑا تو اس کی بحریہ اس کا راستہ روکے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بحری جہاز ٕمصری بندرگاہ پر امدادی سامان اتار دے۔

امدادی سامان لے جانے والے جہاز پر عملے کے علاوہ دس افراد سوار ہیں اور اس پر دو ہزار ٹن امدادی سامان ہے جس میں کھانے پینے کی اشیا اور ادوایات شامل ہیں۔ جس فلاحی تنظیم کی طرف سے یہ جہاز اور سامان بھیجا جا رہا ہے اس کے سربراہ لبیا کے رہنما معمر قدافی کے صاحبزادے ہیں۔اس جہاز نے ہفتے کےروز یونان سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

یونانی اور اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مزاکرات کے بعد جہاز اب ٕمصری بندرگاہ ال عرش کی جانب رواں دواں ہے۔

مئی میں امدادی ساماں لے جانے والے بحری بیڑے کے واقعہ کے بعدغزہ پر پابندی ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ بڑھ گیا ہے۔امداد لے جانے والے ایک جہاز پر اسرائیلی کمانڈوز کے آپریشن میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔