غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائیہ کے چھاپے: دو فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حالیہ دنوں کے دوران فلسطینی شدت پسندوں کی طرف سے داغے گئے درجنوں راکٹوں کے جواب میں کی گئی

فلسطینی شدت پسندوں کی طرف سے بیشمار راکٹ داغے جانے کے بعد، اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں زوردار فضائی کارروائی کی ہے۔

فلسطینی طبی عملے کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہفتے کو ہونے والے اسرائیلی چھاپوں کے نتیجے میں دو فلسطینی ہلاک اور کم از کم 24زخمی ہوئے۔

حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک چھ برس کا بچہ بھی شامل ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں متعدد اہداف پر چھاپوں کی تصدیق کی ہے، تاہم بچے کی ہلاکت میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔


اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ چھاپے حالیہ دنوں کے دوران فلسطینی شدت پسندوں کی طرف سے داغے گئے درجنوں راکٹوں کے جواب میں کیے گئے۔

ہفتے کوداغا گیا ایک راکٹ صدرہ نامی اسرائیلی قبصے پر جا گرا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی شخص زخمی ہوا۔

تشدد کے واقعات کے بعد حماس کے فلسطینی شدت پسند گروپ نے دھمکی دی ہے کہ مصر کے توسط سے اسرائیل کے ساتھ طے کردہ تین روز سے جاری جنگ بندی کے سمجھوتے کو ختم کردیا جائے گا۔ سمجھوتے کے نتیجے میں پیر کو ہونے والے تشدد کے واقعات عارضی طور پر تھم گئے تھے۔