معروف رسالے ’فوربز‘ نے سنہ 2018 کیلئے دنیا کی 75 طاقتور ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 68 ویں طاقتور ترین شخصیت قرار پائے ہیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ کو 2018 کی طاقتور ترین شخصیت قرار دیتے ہوئے پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، جبکہ روس کے صدر ولادی میر پوٹن، جنہوں نے اس ہفتے کے دوران چوتھی مدت کیلئے روس کے صدر کی حیثیت سے حلف اُٹھایا ہے، دوسرے نمبر پر اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے نمبر پر ہیں۔
جنرل باجوہ کا ذکر کرتے ہوئے رسالہ ’فوربز‘ لکھتا ہے کہ اگرچہ پاکستان کے صدر کاغذوں میں آرمی چیف کے ’باس‘ ہیں، لیکن جوہری ہتھیاروں کے حامل ملک پاکستان میں جنرل باجوہ طاقتور ترین شخصیت ہیں۔ رسالہ لکھتا ہے کہ جنرل باجوہ ایسے وقت میں دنیا کی طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہو رہے ہیں جب کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری تنازعات کی فضا میں کچھ کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کا جزوی طور پر سہرا جنرل باجوہ کی کوششوں کے سر جاتا ہے۔
پندرہ روزہ ’فوربز‘ رسالہ نیو یارک سے شائع ہوتا ہے۔ یہ جنرل باجوہ کے حوالے سے مزید لکھتا ہے کہ اُن کیلئے پاکستان میں امن قائم رکھنا ایک نہایت مشکل کام ہے کیونکہ پاکستان میں اب بھی دہشت گرد گروپ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اُنہیں بھارت کے ساتھ پیچیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کا کٹھن کام بھی درپیش ہے۔
رسالے نے جنرل باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ دنیا کی چھٹی سب سے بڑی فوج کے سپہ سالار ہیں اور فوجی سربراہ ہونے کے باوجود گزشتہ دو برسوں کے دوران وہ جمہوریت کے بڑے حامی کے طور پر اُبھرے ہیں۔
اس فہرست میں جرمن چانسلر آنگلا مرخل چوتھے، بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نویں اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دسویں نمبر پر ہیں۔
رسالہ لکھتا ہے کہ اس وقت دنیا کی آبادی ساڑھے سات ارب ہے۔ تاہم، ان میں صرف 75 مرد و خواتین ایسے ہیں جو اپنی پر اثر شخصیت کے حوالے سے دنیا کو بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔