لیبیا کے پانچ سفارت کاروں کو جرمنی چھوڑنے کی ہدایت

(فائل فوٹو)

جرمنی نے لیبیا کے پانچ سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

وزارت خارجہ سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق لیبیا کے سفیر کو طلب کرکے اُنھیں مطلع کیا گیا کہ پانچوں سفارت کاروں کو سات روز کے اندر جرمنی سے نکل جانا ہو گا۔

جرمن حکومت کو ایک طویل عرصے سے شبہ ہے کہ لیبیا کے سفارت کار جرمنی میں مقیم لیبیائی باشندوں کی نگرانی اور اُن پر دباؤ ڈالنے میں ملوث ہیں۔

جرمنی نے لیبیا میں ’نوفلائی زون ‘ نافذ کرنے کے سلسلے میں معمر قذافی کی افواج پر نیٹو کی قیادت میں فضائی کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اقوام متحدہ نے نو فلائی زون کے قیام کی منظوری دے رکھی ہے جس کا مقصد شہریوں پر صدر قذافی کی حامی فورسز سے محفوظ رکھنا ہے۔