چلی کو شکست، جرمنی کنفیڈریشنز کپ جیت گیا

اتوار کو روس کےشہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے جانے والے فائنل کا واحد گول میچ کے بیسویں منٹ میں لارس اسٹنڈل نے کیا۔

جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چلی کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی بار 'کنفیڈریشنز کپ' جیت لیا ہے۔

اتوار کو روس کےشہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے جانے والے فائنل کا واحد گول میچ کے بیسویں منٹ میں لارس اسٹنڈل نے کیا۔

میچ میں چلی کا پلڑا شروع سے ہی بھاری رہا اور چلی کی ٹیم نے اپنے روایتی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم چلی کے مڈ فیلڈر مارسیلو ڈیاز کی ایک غلط کک سے جرمنی کو گول کا موقع مل گیا۔

جرمنی کی ٹیم نسبتاً نئے اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جن کے 'کنفیڈریشنز کپ' جیتنے کا تجربہ آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں کام آسکتا ہے۔

لیکن یہ فتح جرمنی کی ٹیم کے لیے ایک برا شگون بھی ثابت ہوسکتی ہے کیوں کہ آج تک 'کنفیڈریشن کپ' جیتنے والی کوئی بھی ٹیم اس کے فوراً بعد ہونے والا ورلڈ کپ نہیں جیت پائی۔

'کنفیڈریشنز کپ' ایک انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ ہے جس کا انعقاد فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' ہر چار سال بعد کرتی ہے۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں براعظموں کی بنیاد پر ہونے والی چھ علاقائی فٹ بال چیمپئن شپس کی فاتح ٹیموں کے علاوہ گزشتہ 'فیفا ورلڈ کپ' جیتنے والی اور میزبان ملک کی ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔