اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ پر بمباری

فلسطینی عینی شاہدین نے کہا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حماس کے کنٹرول والی غزہ کی پٹی پر جمعے کے روز کم از کم چھ حملے کیے۔

انہوں نے بتایا کہ کم از کم تین فضائی حملے وسطی قصبے خان یونس کے نزدیک کیے گئے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں پچھلے ہفتے اسرائیل فوجیوں اور فلسطینی مسلح افراد کے درمیان مہلک جھڑپیں ہوئی تھیں۔

ایک اور فضائی حملے میں نصیریہ کے نزدیک ایک پناہ گزین کیمپ میں قائم ایک ورکشاپ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اور آخری حملے میں ایک ڈیری فیکٹری کو تباہ کر دیا گیا۔

ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم دو بچے زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے غزہ سے اسرائیل پر راکٹ داغنے کے جواب میں کیے گئے ہیں۔