امریکی معیشت کے بارے میں بعض مایوس کن رپورٹوں اور یورپ میں جاری قرضوں کے بحران پر بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث سونے کی قیمتیں ایک فی صد اضافے کے بعد منگل کے روز اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
نیویارک کی سونے کی مارکیٹ میں دسمبر میں فراہمی کے سودوں میں اس کی قیمت 23 ڈالر اضافے کے ساتھ تقریباً 1648 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
حالیہ کچھ عرصے میں سونے کی قیمتوں نے کئی نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور نئے سال کے آغاز سے اب تک اس کی قیمت میں15 فی صد اضافہ ہوچکاہے۔
کئی سرمایہ کار معاشی بحران کے دنوں میں اپنے پیسے کو محفوظ رکھنے کے لیے سونا خرید لیتے ہیں۔
بلوم برگ فنانشل نیوز کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اور قازقستان نے پچھلے ماہ اپنے محفوظ ذخائر کے لیے مزید سونا حاصل کیا تھا۔