یونان ان دنوں بدترین مالی بحران کا شکار ہے ۔ ماضی میں لیے جانے والے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی کے لیے یونان کی حکومت کو ملکی بجٹ میں کٹوتیاں کرنا پڑی ہیں جس سے تقریباً تمام سرکاری ادارے متاثرہوئے ہیں۔
یونان کی پولیس بھی حکومت کے بچت اقدامات کی زد میں ہے جس کے باعث حکام کو پولیس اہلکاروں کی تعداد میں کمی اور تنخواہوں میں کٹوتی کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
ان اقدامات کے باوجود 55 ہزار اہلکاروں پر مشتمل محکمہ پولیس کو اپنے اخراجات پورے کرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور حکام نے اس مشکل کا نکالا ہے ایک بہت ہی دلچسپ حل۔
محکمہ پولیس نے ملک بھر میں ایک اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت یونان کے شہری اور نجی کمپنیاں مخصوص تقریبات کی حفاظت کے لیے کرایے پر پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کرسکیں گے۔
کرایے پر پولیس اہلکاروں کی دستیابی کے لیے یونان میں ایک نیا قانون لایا گیا ہے جس کے تحت کسی تقریب کی حفاظت کے لیے نجی ادارے اور شخصیات 30 یورو فی گھنٹہ فی پولیس اہلکار کے کرایے پرپولیس کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
اہم، قیمتی اور حساس سامان کی ایک مقام سے دوسری جگہ منتقلی کے دوران میں حفاظت کے لیے پولیس کی گاڑی 40 یورو جب کہ موٹر سائیکل 20 یورو فی گھنٹہ کی اضافی رقم دے کر حاصل کی جاسکے گی۔
اسی طرح بڑی تقریبات اور مواقع کے لیے پولیس کی گشتی کشتیاں 200 یورو جب کہ ہیلی کاپٹر 1500 یورو فی گھنٹہ کے کرایے پر دستیاب ہوسکتے ہیں ۔
اس سے قبل یونان کی پولیس یہ خدمات بلامعاوضہ فراہم کرتی تھی، لیکن بجٹ کٹوتیوں کے باعث پولیس کے پاس ان اضافی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے اب رقم موجود نہیں ہے۔
یونان کی محکمہ پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ کرایے پر پولیس کی خدمات صرف اسی صورت میں فراہم کی جائیں گی جب سیکیورٹی سے متعلق قابلِ اعتبار خدشات موجود ہوں۔
ترجمان کے بقول ایسی درخواستوں پر اضافی نفری اور سامان کی موجودگی اور تمام عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے بعد ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کرایے سے حاصل ہونے والی رقم پولیس کے لیے جدید آلات کی خریداری اور محکمے کے بجٹ کو سہارا فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔