گنی: فوجی مرکز میں دھماکوں سے ہلاکتیں بڑھ کر 98 ہو گئیں

ٹی وی فوٹیج میں باٹا شہر میں بڑے پیمانے پر تباہی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ 8 مارچ 2021

گنی کی وزارت صحت نے فوجی تنصیبات میں دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 98 ہوگئی ہے۔ ہلاکتوں میں یہ اضافہ رضاکاروں کو عمارتوں کے ملبے سے ملنے والی نعشوں کے بعد ہوا ہے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ اتوار کے روز ہونے والے دھماکوں سے 20 افراد ہلاک اور کم از کم 615 افراد زخمی ہوئے۔

گنی کی وزارت صحت کی جانب سے پوسٹ ہونے والی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے دھماکے کے متاثرین کی ذہنی صحت کی بحالی کے لیے ماہرین نفسیات اور نرسوں پر مشتمل ایک بریگیڈ تشکیل دے دیا ہے جو انہیں دھماکے اور اس کے نقصانات کے خوف اور اثرات سے نجات دلانے کے لیے کام کرے گا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے صرف جسمانی نقصان ہی نہیں ہوا بلکہ اس کے دماغ پر بھی اثرات پڑے ہیں۔

گنی کے صدر ٹوڈورو اوبیانگ نگوما نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق اتوار کو شام چار بجے ہوئے جس کی وجہ باٹا کے علاقے مونڈونگ نکوانٹوما کے ایک فوجی مرکز میں ڈائنامائٹ کی دیکھ بھال میں بے احتیاطی برتنا تھا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ دھماکوں سے باٹا کے علاقے میں تقریباً تمام مکانوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

رضاکار ایک زخمی کو اسپتال پہنچا رہے ہیں۔ 7 مارچ 2021

گنی کی وزارت دفاع کی جانب سے اتوار کو دیر گئے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی مرکز میں واقع ہتھیاروں کے گودام میں لگنے والی آگ بڑے ہتھیاروں کے دھماکوں کا سبب بنی۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ابتدائی طور پر 20 افراد ہلاک اور 600 زخمی ہوئے ہیں اور دھماکوں کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔

ملک کے صدر نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ فوجی عمارتوں کے گرد واقع فصلوں کو مقامی لوگ جلا رہے تھے۔

سرکاری ٹیلی وژن نے دکھایا ہے کہ دھماکے کے مقام سے دھوئیں کے گہرے بادل بلند ہو رہے ہیں اور لوگ افراتفری میں بھاگ رہے ہیں۔ لوگ چلاتے ہوئے یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ پتا نہیں کیا ہوا ہے۔ لیکن سب کچھ تباہ ہو گیا ہے۔

باٹاکے فوجی مرکز سے دھماکوں کے بعد گہرے دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں۔ 7 مارچ 2021

ایسوسی ایٹڈ پریس پر مقامی میڈیا کی دکھائی جانے والی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ ملبے اور دھوئیں سے بچنے کے لیے خوف کے مارے گلیوں میں چیختے چلاتے ہوئے بھاگ رہے ہیں۔ مکانوں کی چھتیں اڑ چکی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

مقامی ٹی وی چینل TVGE سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے ایک ڈاکٹر فلورین ٹینو نے بتایا کہ یہ بحرانی لمحات ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ نہیں رہی اور ہم زخمیوں کی دیکھ بھال کیلئے سپورٹس سینٹر میں کووڈ 19 کے لئے قائم کئے گئے مرکز کو استعمال کر رہے ہیں۔

مقامی ریڈیو اسٹیشن ' ریڈیو ماکوٹو' نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دھماکے کے مقام کے گرد چار کلومیٹر کے علاقے کو لوگوں سے خالی کروایا جا رہا ہے کیونکہ باردوی گیسوں کی بو اور دھواں صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

استوائی خطے میں واقع افریقی ملک گنی کی آبادی 13 لاکھ ہے۔ یہ کیمرون کے جنوب میں واقع ہے اور اس نے 1968 میں سپین سے آزادی حاصل کی تھی۔

دھماکوں کا نشانہ بننے والے شہر باٹا کی آبادی تقریباً ڈھائی لاکھ ہے۔