پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے بیٹسمین راس ٹیلر کی جانب سے محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کا مذاق اُڑانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
راس ٹیلر نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے موجودہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ کے دوران حفیظ کے پہلے اوور کے اختتام پر بازو سے اشارہ کرتے ہوئے محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کا مذاق اُڑایا تھا۔ اُنہوں نے بازو کو موڑتے ہوئے محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کی نقل کی تھی۔
اس واقعے کے فوراً بعد سرفراز احمد نے امپائروں کے ساتھ طویل بات چیت کی۔
امپائروں شوزیب رضا اور جول ولسن نے بعد میں راس ٹیلر سے اس بارے میں بات کی۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ راس ٹیلر کو اس حرکت پر کوئی تنبیہ کی گئی ہے یا نہیں۔
میچ کے بعد سرفراز نے راس ٹیلر کے اس اقدام کو انتہائی نازیبا قرار دیا۔ اُنہوں نے نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ٹیلر کا یہ اقدام درست نہیں تھا اور یہ اُن کا کام نہیں تھا کہ ایسا کریں اور یہ کہ ’’یہ واقعی ناجائز اور شرمناک تھا‘‘۔
سرفراز نے کہا کہ راس ٹیلر کا کام بیٹنگ کرنا ہے اور بہتر ہوگا کہ وہ اسی پر توجہ دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اُنہوں نے اس بات کی شکایت امپائروں سے کی اور کہا کہ یہ حرکت کھلاڑیوں کے شایان شان نہیں ہے۔
سرفراز کا کہنا تھا کہ راس ٹیلر ایک پیشہ ور کرکٹر ہیں اور اُنہیں ایسا نہیں کرنا چاہئیے تھا۔ اُنہوں نے یہ حرکت دو یا تین مرتبہ کی۔ سرفراز نے کہا کہ حفیظ کے ایکشن میں کوئی خرابی نہیں ہے اور ٹیلر نے خواہمخواہ اس مسئلے کو اچھالنے کی کوشش کی۔
بتایا جاتا ہے کہ سرفراز نے اس سلسلے میں میچ ریفری جوگل سری ناتھ سے بھی بات کی ہے۔
یاد رہے کہ کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم، آئی سی سی نے حفیظ کے کیرئر کے دوران کم سے کم چار مرتبہ اُن کے بالنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا تھا جس کے بعد ہر مرتبہ اُنہوں نے اسے درست کرنے کی کوشش کی۔ بالآخر آئی سی سی نے اُن کے درست شدہ ایکشن کو منظور کر لیا تھا۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت کسی بھی بالر کی طرف سے بالنگ کرتے ہوئے بازو 15 ڈگری سے زیادہ نہیں مڑنا چاہئیے۔ محمد حفیظ اور اُن سے پہلے سعید اجمل کے ایکشن کا جائزہ لینے پر اُن کی بعض گیندوں پر بازو کو 15 ڈگری سے زیادہ مڑتا ہوا پایا گیا تھا۔ سعید اجمل کے حوالے سے اُن کا ایکشن اُس وقت مشکوک پایا گیا جب وہ اپنا مشہور بال ’دوسرا‘ پھینکتے تھے۔
دونوں بالرز نے بعد میں اپنے ایکشن کو درست کرنے پر محنت کی۔ تاہم، تبدیل شدہ ایکشن کے ساتھ سعید اجمل اپنی روایتی خطرناک اور مؤثر بالنگ کا معیار برقرار نہ رکھ پائے اور یوں اُن کا بین الاقوامی کیرئر ہی ختم ہو گیا۔ تاہم، محمد حفیظ نے اپنا ایکشن درست کرنے کے بعد اپنا کیرئر جاری رکھا اور حالیہ طور پر ختم ہونے والی پاکستان۔نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تبدیل شدہ ایکشن کے ساتھ اُن کی بالنگ زبردست رہی۔