’ہیری پوٹر‘ کو دو دہائیاں مکمل، فلم سیریز کے کردار ٹی وی پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

آٹھ فلموں پر مبنی یہ سیریز برطانوی مصنف جے کے رولنگ کی ہم نام سات کتابوں کی کہانیوں پر مبنی ہے۔

جادوئی کہانوں پر مبنی ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی پہلی فلم کی ریلیز کو بیس برس مکمل ہونے پر اس سیریز کے اداکار، ہدایت کار اور دیگر ستارے ٹی وی پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

یکم جنوری کو اس سلسلے میں خصوصی نشریات کے دوران روبی کولٹرین (ہیگرڈ)، ٹام فیلٹن (ڈریکو مالفائے)، ہیلینا بونہام کارٹر (بیلاٹریکس لیسٹرانچ)، گیری اولڈمین (سیریس بلیک) اور ہدایت کار کرس کولمبس کے علاوہ دیگر ستارے فلم کے مرکزی کرداروں کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

خیال رہے کہ جادوئی پس منظر میں بنی اس فلم کی کہانی تین دوستوں، ہیری پوٹر (ڈینئل ریڈکلف)، ہرمائنی گرینجر (ایما واٹسن) اور رون ویزلی (رپرٹ گرنٹ) کے گرد گھومتی ہے جو جادوگروں کی دنیا میں تباہی مچانے والے جادوگر لارڈ والڈی مورٹ (رالف فینز) کے خلاف نبرد آزما ہیں۔

SEE ALSO: 'اسپائیڈر مین: نو وے ہوم'؛ سارے ولنز ایک ساتھ

آٹھ فلموں پر مبنی یہ سیریز برطانوی مصنف جے کے رولنگ کی ہم نام سات کتابوں کی کہانیوں پر مبنی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اس نشریات کے حقوق ایچ بی او میکس کے پاس ہیں۔

اس نشریات کے دوران اس فلم کی کاسٹ نومبر 2001 میں ریلیز ہونے والی اس سیریز کی پہلی فلم ’ہیری پوٹر اینڈ دی سوسررز اسٹون‘ میں دکھائے جانے والے جادوگروں کے اسکول ہاگورٹس کے سیٹ کا دورہ کریں گے۔

اس سیریز نے دنیا بھر میں بہت شہرت حاصل کی اور اس کی آٹھ فلموں نے کل سات ارب 80 کروڑ ڈالر کی آمدن کی تھی۔

جے کے رولنگ کا نام منگل کو اس نشریات میں حصہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔

رائٹرز کے مطابق جے کے رولنگ کی ایک پرانی ویڈیو اس اسپیشل شو میں دکھائی جائے گی۔

Your browser doesn’t support HTML5

دہائیوں پرانی 'زندہ کتابیں'

یاد رہے کہ جے کے رولنگ گزشتہ برس خواجہ سرا کمیونٹی کے بارے میں اپنی رائے دینے کی وجہ سے تنازعے کا شکار ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی میں سے بعض لوگوں نے ان پر خواجہ سراؤں کے خلاف نفرت پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔