'سکسیشن' بہترین ڈرامہ اور 'ٹیڈ لاسو' بہترین کامیڈی سیریز کا ایمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

'ایمی 2022' کی رنگا رنگ تقریب ہفتے کی رات امریکہ کے شہر لاس اییجلس میں منعقد ہوئی تھی۔

امریکہ میں ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے 'ایمی ایوارڈز' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال ایچ بی او کی سیریز 'سکسیشن' بہترین ڈرامہ سیریز قرار پائی ہے جب کہ بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ ' ٹیڈ لاسو' کے نام رہا۔

'ایمی 2022' کی رنگا رنگ تقریب ہفتے کی شب امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی تھی لیکن اسے پیر کو نشر کیا گیا۔

چوہترویں ایمی ایوارڈز کی تقریب کے نشریاتی ادارے 'این بی سی' نے فٹ بال لیگ گیمز کی وجہ سے ایمی کی تقریب کو ہفتے کو نشر نہیں کیا جسے پیر کی شب نشر کیا گیا۔

ایوارڈز تقریب کی میزبانی امریکی اداکارہ ریجینا ہال، اداکارہ مالی شینن، اداکارہ ونیسا بیئر، اداکارہ اینجلا بیسٹ، گلوکارہ و اداکارہ آریانا ڈی بوس اور اداکار ٹیرن ایجرٹن سمیت دیگر نے کی۔

'ایچ بی او' نے کل 11 ایوارڈز اپنے نام کیے۔ اس کے مدِ مقابل 'ڈزنی' اور 'ایپل' نے چار چار جب کہ 'نیٹ فلکس' کی سیریز تین ایوارڈز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

بہترین ڈرامہ سیریز کی فاتح 'سکسیشن' کا مقابلہ نیٹ فلکس کی مشہورِ زمانہ ویب سیریز 'اسٹرینجر تھنگز'، 'یوفوریا'، 'یلو جیکٹس'، 'بیٹر کال سول'، 'اوزارک' ، 'سیورنس' اور 'اسکوئڈ گیم' سے تھا۔

'سکسیشن' کی کہانی ایک طاقت ور اور امیر ترین میڈیا کمپنی کے مالک خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ یہ سیریز 2020 میں بھی بہترین ڈرامے کا ایمی جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

بیس نامزدگیاں حاصل کرنے والی سیریز 'ٹیڈ لاسو' نے بہترین کامیڈی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس سیریز کے مدِ مقابل 'ہیکس'، 'اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ' اور 'دی مارولس مسز میزل' سمیت دیگر نامزد تھیں۔

'ایچ بی او' کی سیریز دی وائٹ لوٹس' نے بہترین لمیٹڈ سیریز کا ایمی ایوارڈ اپنے نام کیا۔ اس سیریز کو بھی 20 مختلف کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ نیٹ فلکس کی معروف کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' کے اداکار لی جونگ جے نے حاصل کیا۔ جب کہ ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین اداکارہ زنڈیا قرار پائیں، جنہیں ایچ بی او کی سیریز 'یوفوریا' میں اداکاری کے لیے اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کامیڈی سیریز 'ہیکس' کے لیے بہترین اداکارہ جین اسمارٹ قرار پائیں۔ اداکار جیسن سیڈیکس کو کامیڈی سیریز 'ٹیڈ لاسو' کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

رواں برس کامیڈی سیریز کے لیے بہترین معاون کا ایوارڈ سیاہ فام اداکارہ شیر لی ریلف نے حاصل کیا۔ ایمی کی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاہ فام خاتون کو اس کیٹیگری کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

'اسکوئڈ گیم' کے ہدایت کار ہوانگ دونگ ہیوک کو ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ہوانگ دونگ ہیوک پہلے جنوبی کورین ہدایت کار ہیں جنہیں اس کیٹیگری کے لیے ایوارڈ ملا ہے۔

اس کے علاوہ کامیڈی سیریز کی بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ 'ٹیڈ لاسو' کی ایم کے ڈیلینی کے نام رہا۔