مشرقی یوکرین میں کئی بیماریاں پھوٹنے کا اندیشہ: عالمی ادارہ ِصحت

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق اگر مشرقی یوکرین میں صحت سے متعلق سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو کئی ایسی بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے جن کی ویکسینز موجود ہیں اور جو قابل ِعلاج ہیں۔

مشرقی یوکرین میں گذشتہ نو ماہ کی لڑائی کی وجہ سے صحت ِعامہ سے متعلق مسائل میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

عالمی ادارہ ِصحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشرقی یوکرین میں دواؤں اور ویکسینز کی قلت کی وجہ سے لوگوں میں پولیو، خسرہ اور تپ ِدق جیسے امراض تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہے۔

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق لوہانسک اور دونیکس کے شہروں میں صورتحال خاصی ابتر دکھائی دیتی ہے جہاں پر لوگ بہت کم خوراک کے ساتھ اپنے اپنے گھروں میں محصور ہونے پر مجبور ہیں۔

لوہانسک اور دونیکس کے شہروں میں جاری پُرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے شہریوں کے لیے ممکن نہیں کہ وہ ہسپتالوں تک جا سکیں۔ ان شہروں میں زیادہ تر پانی اور بجلی کی ترسیل بھی بند رہتی ہے۔

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق اگر مشرقی یوکرین میں صحت سے متعلق سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو کئی ایسی بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے جن کی ویکسینز موجود ہیں اور جو قابل ِعلاج ہیں۔

عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یوکرین میں خسرہ اور پولیو کی وباء پھوٹ سکتی ہے اور اس سے یوکرین کے 1.4 ملین شہری متاثر ہو سکتے ہیں۔